لاہور: ضلعی انتظامیہ نے بازاروں میں بغیر ماسک کاروبار کرنے والے دکانداروں کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے ان کی دکانوں کو فوری تالے لگانے کا حکم دیدیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث انتظامیہ نے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا ہے اور ڈپٹی کمشنر عمر شیر چٹھہ نے اس ضمن میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی مقامات پر ماسک کا استعمال یقینی بنایا جائے۔
ڈی سی او لاہور کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ مارکیٹوں اور بازاروں میں کورونا وائرس کیخلاف وضع کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے اور بغیر ماسک کے کاروبار کرنے والے کاروباری حضرات کی دکانوں کیخلاف ایکشن لیتے ہوئے ان کی دکانیں سیل کر دی جائیں۔
دوسری جانب پاکستان کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 43 ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے اور ملک بھر میں کورونا کیسز کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یہ شرح 12.81 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 6 ہزار 357 کیسز سامنے آئے ہیں اور مزید 17 مریض اس موذی وباءکے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ مزید 556 مریض شفایاب ہو گئے۔
تبصرے بند ہیں.