ملک میں مہنگائی کا طوفان جاری، گزشتہ ہفتے 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا

109

اسلام آباد: ملک میں مہنگائی کا طوفان تھمنے میں نہیں آ رہا اور گزشتہ ایک ہفتے میں ملک بھر میں 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے تاہم ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں گزشتہ ہفتہ کے دوران 0.07 فیصد کی معمولی کمی بھی دیکھنے میں آئی۔ 
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کئے گئے مہنگائی کے ہفتہ وار اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.07 فیصد کی معمولی کمی اور مہنگائی کی مجموعی شرح 18.58 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران دال مسور، دال چنا اور دال ماش سمیت 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ اور 23 میں استحکام دیکھا گیا۔ 
وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے دال مسور کی قیمت میں 6 روپے18 پیسے، دل چنا کی قیمت میں 4 روپے 20 پیسے اور دال ماش کی قیمت میں 7 روپے 7 پیسے فی کلو اضافہ دیکھنے میں آیا۔ اسی طرح مونگ تین روپے 85 پیسے فی کلو، لہسن ایک روپے 93 پیسے فی کلو، پیاز 64 پیسے فی کلو مہنگا ہوا جبکہ کوکنگ آئل، چاول، خوردنی گھی اور بیف کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا۔ 
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق آگ جلانے کی لکڑی کی قیمت میں 4 روپے فی من کیلے کی قیمت میں 3.34 فیصد، دال مسور 3.29 فیصد، دال چنا 2.83 فیصد، دال مونگ 2.32 فیصد، واشنگ سوپ 2.19 فیصد اور ماچس کی قیمت میں 1.17 فیصد کا اضافہ ہوا۔ 
گزشتہ ہفتے ٹماٹر کی قیمت میں 13 روپے 15 پیسے فی کلو کمی ہوئی اور زندہ مرغی کی قیمت میں24 روپے 71 کمی ہوئی جبکہ آلو 2 روپے 64 پیسے فی کلو سستے ہوئے۔ ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 71 روپے50 پیسے، 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 5 روپے 41 پیسے اور چینی 95 پیسے فی کلوسستی ہوئی۔ 

تبصرے بند ہیں.