اسلام آباد: وفاقی حکومت نے مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کی آڈیو لیک کی تحقیقات کا اعلان کر دیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے اس بات کا اعلان پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ اس بات کی تحقیقات ہوں گی کہ کس طرح ایک پرائیوٹ شخص نے عوام کے پیسوں کو استعمال کرنے کے حوالے سے فیصلے کیے۔ قومی پیسے کا ناجائز استعمال جرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز پارٹی کا میڈیا سیل چلا رہی تھیں جب کہ پبلک فنڈز کو ہینڈل کرنا ایف آئی اے کے اندر بھی جرم بنتا ہے۔
انہوں نے واضح طور پر کہا کہ مریم نواز کے اعتراف کی تحقیقات کرائیں گے اور جو کارروائی ہوگی وہ بھی میڈیا کے ساتھ شیئرکریں گے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کہ اشتہارات پر وفاقی حکومت کے اربوں روپے لگے، صوبوں کے بھی لگے، یہ کیا باتیں کرتے ہیں۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کیا یہ فاشزم سے کم ہیں؟۔ اگر یہ کسی مغربی ملک میں ہوتا تو سارا خاندان جیل جا چکا ہوتا۔
تبصرے بند ہیں.