آسٹریلین ٹیم کا دورہ پاکستان، رمیز راجہ اور آسٹریلین بورڈ کے چیئرمین بھی خوشی سے نہال

65

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم (پی سی بی) چیئرمین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ میں آسٹریلین کرکٹ ٹیم کو خوش آمدید کہنے پر بہت خوش ہوں اور مجھے اس دورے کی ذاتی طور پر بے حد خوشی ہے۔
رمیز راجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ملکی سرزمین پر تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے انعقاد پر ذاتی طور پر بہت خوشی ہے، چیف ایگزیکٹو کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) نک ہوکلے نے بھی دورہ پاکستان کی تصدیق کی ہے جس کی تیاریوں کا آغاز بھی جلد کر دیا جائے گا۔ 
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا ایک بہترین ٹیم ہے جس کا 24 سال کے طویل عرصے بعد پاکستان کی سرزمین پر کرکٹ کھیلنا مداحوں کیلئے یادگار لمحہ ہو گا جبکہ آسٹریلین کرکٹرز کیلئے بھی پاکستان کے تاریخی گراؤنڈز میں کرکٹ کھیل کر عوام کی مہمان نوازی کا شرف حاصل کرنے کا شاندار موقع ہے۔ 
دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین نک ہوکلے کا کہنا ہے کہ پاکستان کی عوام کرکٹ سے پیار کرتی ہے اور آئندہ سال آسٹریلین ٹیم کے دورہ پاکستان کرکٹ مداحوں کو مزید پرجوش کرے گا، پاکستان کی ٹیم بہت باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جس کا ثبوت متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں جاری ٹی 20 ورلڈ کپ میں ان کی حالیہ کارکردگی ہے۔
نک ہوکلے نے کہا کہ اس دورے کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے پی سی بی کی کاوشوں کو سراہتا ہوں اور اس سیریز کیلئے لاجسٹک، سیکیورٹی اور کوویڈ 19 پروٹوکولز سے متعلق آئندہ چند ماہ پی سی بی سے مسلسل رابطے میں رہیں گے۔ ہمارے لئے کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف کی حفاظت پہلی ترجیح ہے اور ہم اس ضمن میں پی سی بی اور متعلقہ ایجنسیز سے مکمل رابطے میں رہیں گے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا نے آخری مرتبہ 1998ءمیں پاکستان کا دورہ کیا جس دوران مارک ٹیلر کی قیادت میں مہمان ٹیم نے سیریز 0-1 سے اپنے نام کی تھی، آسٹریلیا نے پہلی مرتبہ 1959ءمیں رچی بینوا کی قیادت میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.