پاکستان ٹیم نے ایک بار پھر آل راؤنڈ کارکردگی دکھائی ہے، رمیز راجا

53

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )کے چیئرمین رمیز راجا کا کہنا ہے کہ  پاکستان ٹیم نےایک بارپھرآل راؤنڈکارکردگی دکھائی ہے۔

 

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ‘ورلڈکپ میں 5میں سے 5مقابلے جیتنا شاندار کوشش ہے اور فائنل اسپرٹ کے لیے اسی طرح آگے بڑھیں، پاکستان زندہ باد’۔

 

پاکستان نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سپر 12 مرحلے میں اتوار کے روز اسکاٹ لینڈ کے خلاف شاندار کامیابی حاصل کر کے گروپ 2 میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔

 

پاکستان کرکٹ ٹیم سیمی فائنل میں پہلے ہی پہنچ چکی تھی جبکہ اسکاٹ لینڈ کے خلاف کامیابی کے بعد سپر 12 مرحلے میں اپنے تمام میچز جیت کر گروپ میچز میں ناقابل شکست رہنے کا بھی اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ 

 

ورلڈ کپ کے شیڈول کے حساب سے پہلا سیمی فائنل 10 نومبر کو شام 7 بجے ابوظبی میں ہوگا جبکہ دوسرا میچ 11 نومبر کو شام 7 بجے دبئی میں ہوگا۔ ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کے حساب سے گروپ 1 کی پہلی پوزیشن والی ٹیم گروپ 2 کی دوسرے نمبر والی ٹیم سے سیمی فائنل میچ کھیلے گی اور گروپ 2 کی پہلی پوزیشن کی ٹیم گروپ 1 کی دوسرے نمبر والی ٹیم سے پنجہ آزمائی کرے گی۔

 

گروپ 1 میں انگلینڈ پہلے اور آسٹریلیا دوسرے نمبر پر جبکہ گروپ 2 میں پاکستان پہلے اور نیوزی لینڈ دوسرے نمبر پر ہے اس لیےانگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے ٹیمیں 10 نومبر کو پہلے سیمی فائنل جبکہ پاکستان دوسرےسیمی فائنل میں 11 نومبر کو آسٹریلیا کے مدمقابل ہوگا۔

تبصرے بند ہیں.