شاہ رخ خان کے بیٹے کو سٹار کا بیٹا ہونے کی سزا ملی ، شتروگھن سنہا

266

ممبئی : بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار شتروگھن سنہا نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی بیٹی اداکارہ سوناکشی سنہا اور بیٹوں لو اور کش سنہا کو نشے کی لت نہیں ہے اور نہ ہی انہوں نے ان میں کوئی خرابی دیکھی ہے۔

بھارتی ٹی وی سے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ انسداد منشیات فورس نے بھارت کے سپر سٹار شاہ رخ خان کے بیٹے کو گرفتار کرکے باقی اداکاروں کو ڈرایا ہے جس کی وجہ سے متعدد بالی وڈ کے اداکاروں نے شاہ رخ خان کا ساتھ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں پر توجہ دینی چاہئے اور مصروفیات کے باوجود اپنا فوکس بچوں پر رکھنا چاہئے ۔

ٹی وی سے انٹرویو میں بالی وڈ شاٹ گن شتروگھن سنہا نے دعویٰ کیا کہ میں نے اپنے بچوں میں کوئی خرابی نہیں دیکھی اور نہ ہی میرے بچوں کو نشے کی عادت ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ نارکوٹکس فورس کی گرفتاری اور اس کی جانب سے کی گئی تفتیش سمیت بعض ملزمان کے کیے گئے بلڈ ٹیسٹ سے بھی الزامات ثابت نہیں ہوئے جب کہ مذکورہ کیس میں صرف آریان خان کا نام ہی آتا رہا، کسی اور پر اتنا دباؤ نہیں ڈالا گیا حالانکہ اس کیس میں اور بھی بہت سے بڑے لوگ شامل تھے ۔

شتروگھن سنہا نے کہا کہ شاہ رخ خان کے ساتھ مکمل انصاف ہونا چاہئے اور ان کے بیٹے کو سپرسٹار کا بیٹا ہونے کی سزا نہیں ملنی چاہئے ۔ ان کا کہنا تھا کہ تفتیش ہونی چاہئے لیکن تفتیش میں سب کے ساتھ برابر کا سلوک ہونا چاہئے یہ نہیں کہ آریان خان سپرسٹار کا بیٹا ہے تو اس کو سخت تفتیش کا سامنا کرنا پڑے ۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہ رخ خان ہو یا کوئی اور سب کو اپنے بچوں پر توجہ دینی چاہئے اور ان کو اچھے برے کی تمیز سکھانی چاہئے ۔

سینیئر اداکار شتروگھن سنہا نے نے واضح کیا کہ وہ شاہ رخ خان کی حمایت نہیں کر رہے، وہ صرف یہ کہنا چاہ رہے ہیں کہ جو غلط ہے، اسے سزا ملنی چاہیے اور ہر کسی کے ساتھ انصاف ہونا چاہئے ۔ سپر اسٹار والدین کی جانب سے بچوں کی پرورش سے متعلق پوچھے گئے سوال پر شترو گن سنہا نے کہا کہ ہر کامیاب اور مصروف ترین والد کو کم از کم ایک وقت کا کھانا بچوں کے ساتھ کھانا چاہیے اور ان پر نظر رکھنی چاہیے۔

 

شتروگن سنہا نے دعویٰ کیا کہ ان کے بچوں کی پرورش بہترین طریقے سے ہوئی ہے اور اسی وجہ سے ہی ان کے بچوں میں کوئی بری عادت نہیں۔

اداکار نے دعویٰ کیا کہ ان کی بیٹی اداکارہ سوناکشی سنہا میں کوئی بری عادت نہیں، نہ وہ نشہ کرتی ہیں، نہ کبھی انہوں نے ان سے متعلق ایسا سنا ان کے بیٹے لو سنہا اور کش سنہا میں بھی کوئی بری عادت نہیں، نہ انہوں نے ان میں کوئی خراب عادت دیکھی، سنی اور نہ پائی۔

خیال رہے کہ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو انسداد منشیات فورس (نارکوٹکس فورس) نے تین اکتوبر کو منشیات رکھنے اور استعمال کرنے کے الزام میں دیگر 8 ساتھیوں کے ہمراہ گرفتار کیا تھا۔آریان خان انسداد منشیات فورس کی تحویل میں رہنے سمیت عدالتی ریمانڈ پر 28 اکتوبر تک جیل میں رہے تھے، جس کے بعد ممبئی ہائی کورٹ نے انہیں ضمانت پر رہا کیا تھا۔

 

تبصرے بند ہیں.