ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان کی شاندار کارکردگی نے انگلینڈ کو ابھی سے خوفزدہ کر دیا

130

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم پر ابھی سے پاکستانی ٹیم کا خوف سوار ہو گیا ہے اور سابق انگلش کپتان مائیکل وان کا کہنا ہے کہ صرف پاکستانی ٹیم ہی انگلینڈ کیلئے خطرہ ہے۔ 
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ میں انگلینڈ اور پاکستان کی ٹیمیں الگ الگ گروپ میں شامل ہیں اور دونوں ٹیموں نے اب تک اپنے گروپ میں ابتدائی تینوں میچز جیت کر 6، 6 پوائنٹس حاصل رکھے ہیں جس کے باعث دونوں ٹیموں کے سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات بھی بے حد روشن ہیں۔ 
پاکستان کی بھارت، نیوزی لینڈ اور افغانستان کے خلاف کارکردگی انتہائی شاندار رہی جبکہ انگلش ٹیم نے دفاعی چیمپین ویسٹ انڈیز کیخلاف کامیابی سے کھاتہ کھولنے کے بعد بنگلہ دیش اور آسٹریلیا کو بھی دھول چٹارکھی ہے۔

مائیکل وان نے اپنی ٹیم کے میچز کیساتھ ساتھ پاکستان کی فتوحات پر بھی خوب تبصرے کئے اور اس وجہ سے وہ خبروں کی بھی زینت بنے رہے تاہم ان کا ماننا ہے کہ اس مرحلے پر صرف پاکستانی ٹیم ہی انگلینڈ کا راستہ روک سکتی ہے۔ 
مائیکل وان کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور حریفوں کو تباہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے لیکن اسے پاکستان سے خطرہ درپیش ہو گا جس نے اپنے تینوں میچز میں انتہائی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیموں کو شکست سے دوچار کیا۔ 
واضح رہے کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے گزشتہ روز آسٹریلیا کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے زبردست کامیابی حاصل کی جبکہ آج وہ سری لنکا سے مقابلہ کرے گی جبکہ پاکستان منگل کو نمیبیا کے خلاف میچ کھیلے گی۔ 

تبصرے بند ہیں.