’میں یہ ذمہ داری نہیں لے سکتا‘ رکی پونٹنگ کا بھارت کو صاف انکار

169

نئی دہلی: آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان رکی پونٹنگ کی جانب سے بھارتی کرکٹ ٹیم کا کوچ بننے کی پیشکش ٹھکرائے جانے کا انکشاف ہوا ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ پونٹنگ کے انکار کے بعد راہول ڈریوڈ کیساتھ رجوع کیا گیا۔ 
تفصیل کے مطابق سابق آسٹریلوی کپتان پونٹنگ کئی مواقع پر آسٹریلوی ٹیم کے کوچنگ سٹاف کا حصہ بنے ہیں اور اس وقت انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) فرنچائز دہلی کیپیٹلز کو بھی اپنے تجربے سے مستفید کررہے ہیں جس کے باعث بھارتی بورڈ نے انہیں کوچنگ کی پیشکش کی۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ رکی پونٹنگ نے بھارتی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ سے انکار کر دیا جس کے بعد بی سی سی آئی نے مایہ ناز سابق ٹیسٹ کھلاڑی راہول ڈریوڈ کیساتھ رابطہ کیا جنہوں نے ذمہ داری لینے کی حامی بھری اور اب وہ نومبر میں اس عہدے پر براجمان ہوں گے۔ 
واضح رہے کہ سابق ٹیسٹ کرکٹر راہول ڈریوڈ اس وقت نیشنل کرکٹ اکیڈمی بنگلورو میں فرائض انجام دے رہے ہیں جنہیں بی سی سی آئی کے سربراہ سارو گنگولی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈکپ 2023ءتک کیلئے کوچ کے عہدے کی پیشکش کی گئی جو انہوں نے قبول کرلی۔ 
راہول ڈریوڈ ٹی 20 ورلڈکپ کے بعد بھارتی ٹیم کے کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے جبکہ اس سے قبل سابق بھارتی کرکٹر اور کمنٹیٹر روی شاستری بھارتی ٹیم کے کوچ کے فرائض انجام دے رہے تھے جن کا کنٹریکٹ مکمل ہوچکا ہے اور بورڈ کی جانب سے اس میں توسیع نہیں کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ 48 سالہ راہول ڈریوڈ نے 164 ٹیسٹ اور 344 ون ڈے میچز میں بھارت کی نمائندگی کر رکھی ہے جبکہ وہ گزشتہ 6 سال سے بھارت کی اے ٹیم اور انڈر 19 سیٹ اپ کے انچارج ہیں۔

تبصرے بند ہیں.