لاہور: لاہور کے رہائشی ایک طالبعلم نے سوشل میڈیا پر کھلونا پسٹل دکھا کر امریکی خفیہ ایجنسی اور انٹرپول کی دوڑیں لگوا دیں، دونوں تحقیقاتی اداروں نے ایف آئی سے رابطہ کرکے طالبعلم کو گرفتار کرا دیا۔
امریکی خفیہ ادارے کے حکام اور انٹروپول نے طالبعلم پر الزام عائد کیا کہ اس نے سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش کرکے دہشت پھیلائی اور صارفین کو خوف وہراس میں مبتلا کیا۔
امریکی حکام کی جانب سے واقعہ رپورٹ ہونے کے بعد ایف آئی اے حرکت میں آئی اور اس طالبعلم کو گرفتار کر لیا ۔
تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ ایف آئی اے حکام کی جانب سے طالبعلم سے کی گئی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس کے پاس کوئی اسلحہ موجود نہیں، اس نے صرف صارفین کی دلچسپی کیلئے سوشل میڈیا کی مشہور ایپ سنیپ چیٹ پر کھلونا پسٹل کیساتھ ویڈیو اپ لوڈ کی تھی۔
ایف آئی اے حکام نے ابتدائی تفتیش کے بعد طالبعلم کو شخصی ضمانت پر رہا کر دیا ہے۔ حکام کی جانب سے اس کے والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ آئندہ ایسی کوئی بھی حرکت سامنے آئی تو وہ خود اس کے ذمہ دار ہونگے۔
یہ بات ذہن میں رہے کہ تعلیمی اداروں میں فائرنگ کے واقعات امریکا میں عام ہیں۔ اعدادوشمار کے مطابق رواں سال اب تک پورے امریکا میں فائرنگ کے 106 واقعات سامنے آ چکے ہیں۔ ان واقعات میں 22 افراد کی ہلاکتیں اور 57 زخمی رپورٹ ہوئے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.