کیرالہ: بھارتی ریاست کیرالہ کے شہر کولام کی جوڈیشل کورٹ نے کوبرا سانپ کے ذریعے بیوی کو قتل کرنے کے مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر سورج کمار کو دو مرتبہ عمر قید، 10 سال اور 7 سال کی قید، اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔ عدالت کا کہنا ہے کہ عمر قید کی سزا دیگر دفعات میں دی گئی 10 اور 7 سال قید پوری ہونے کے بعد شروع ہو گی۔
سورج کمار پر اپنی 25 سالہ بیوی اوتھرا کو سانپ کے ذ ریعے مارنے کا الزام ثابت ہوا تھا اور پراسیکیوشن نے اسے سزائے موت دینے کی استدعا کی تھی۔ گزشتہ سال 6 مئی کو سورج اوتھرا کے والدین کے گھر ایک بیگ لے کر گیا اور اگلی صبح اوتھرا کی لاش ملی جبکہ بیڈ روم سے ایک کوبرا سانپ بھی برآمد ہوا۔
بعد ازاں تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ سورج نے جان بوجھ کر کوبرا سے اپنی اہلیہ کو ڈسوایا اور یہ اس کی دوسری کوشش تھی جس میں وہ کامیاب ہوا۔ اس سے قبل بھی وہ اپنی بیوی کو سانپ کے ذریعے ڈسوانے میں کامیاب ہو گیا تھا تاہم ہسپتال لے جانے کے باعث اس کی جان بچ گئی تھی۔
اوتھرا کے والدین نے عدالت کی جانب سے دی گئی سزا پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سورج کو سزائے موت ملنی چاہئے تھی لہٰذا اب وہ ہائیکورٹ سے رجوع کریں گے۔
واضح رہے کہ یہ معاملہ گزشتہ سال مئی میں اس وقت سامنے آیا تھا جب اوتھرا کے والدین نے اپنی بیٹی کی موت کے 2 روز بعد پولیس میں شکایت درج کروائی کہ سورج اور اس کے والدین ہماری بیٹی کو مزید جہیز لانے کیلئے بھی ہراساں کرتے رہے ہیں حالانکہ وہ انہیں 40 تولے سے زائد سونا ، 5 لاکھ روپے نقدی اور ایک کار دے چکے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.