لاہور: پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ جاری، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں 25 جبکہ لاہور میں 11 اموات رپورٹ ہوئیں، تمام شہریوں کو خاص طور پر کورونا کی مکمل احتیاط ملحوظ خاطر رکھنے کی ہدایت کر دی گئی۔
پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کے سیکرٹری عمران سکندر بلوچ نے کورونا ویکسی نیشن پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ صرف یہی کورونا وائرس کے خلاف واحد اور موثر علاج ہے۔ 12 سال سے زیادہ عمر کے تمام افراد کا فوری طور پر ویکسین لگوانا ناگزیر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے 401 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس سے صوبہ بھر میں کورونا کے کیسز کی ٹوٹل تعداد 433,688 ہو گئی ہے۔ اب تک صوبہ بھر میں 405,524 مریض مکمل طور پر اس مرض سے صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ ایکٹو کیسز کی تعداد 15،457 ہے۔
گزشتہ روز صوبہ پنجاب میں کورونا میں مبتلا 25 مریضوں کا انتقال ہوا جن میں سے 11 اموات لاہور سے رپورٹ ہوئیں۔ گزشتہ روز لاہور میں 224، فیصل آباد میں 27، راولپنڈی میں 25، ملتان میں 19، خوشاب میں 16، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 13، اٹک اور سرگودھا میں 8 آٹھ جبکہ بہاولپور میں 6 کیسز رپورٹ ہوئے۔
اس کے علاوہ گوجرانوالہ میں 5 جبکہ بہاولنگر، بھکر، چینوٹ اور گجرات میں 4 چار کیسز رپورٹ ہوئے۔ ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ، رحیم یار خان، ساہیوال، شیخوپورہ اور وہاڑی میں 3 تین کیسز سامنے آئے۔
گزشتہ روز صوبہ بھر کے تمام شہروں میں کورونا کی مجموعی مثبت شرح 2.2 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ لاہور میں مثبت شرح 4.0 فیصد رہی۔ راولپنڈی 1.8 فیصد، فیصل آباد میں 2.2 فیصد، ملتان میں 3.7 فیصد اور بہاولپور میں 1.4 فیصد رہی۔
محکمہ صحت حکام کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کورونا کے خلاف خصوصی حفاظتی تدابیر اختیار کرکے خود کو محفوظ بنائیں۔ بلاضرورت گھر سے باہر نکلنے اور پر ہجوم اجتماعات سے مکمل اجتناب کریں، سماجی فاصلہ برقرار رکھیں اور ماسک کا استعمال لازمی کریں۔ 12 سال سے زائد عمر کے تمام شہری کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لازمی اور فوری لگوائیں، تمام سینٹرز پر ویکسین وافر مقدار میں موجود ہے۔ کسی بھی قسم کی رہنمائی یا شکایات کے لئے 1033 پر رابطہ کریں۔
تبصرے بند ہیں.