کالا دھن کس کس نے چھپایا؟ پنڈورا پیپرز جاری،700 پاکستانی بھی شامل

205

اسلام آباد : پاناما پیپرز کے بعد "پنڈورا پیپرز” نے تہلکہ مچادیا۔ پاکستان سمیت بین الاقوامی شخصیات کے کہاں کہاں  دھندے ہیں؟  کس کے پاس کتنا کالا دھن ہے ؟ آئی سی آئی جے نے تفصیلات جاری کردیں، سینکڑوں پاکستانی شخصیات بھی شامل ہیں۔

یہ تہلکہ خیز تحقیقاتی رپورٹس بین الاقوامی صحافتی تنظیم (آئی سی آئی جے) سامنے لائی ہے، اس میں پاکستان کی جانب سے جیو نیوز سے وابستہ صحافی عمر چیمہ اور فخر درانی نے حصہ لیا تھا۔

اس میں ٹیکس چوری اور بے نامی دولت چھپانے کا ایک اور عالمی سکینڈل منظر عام پر لایا گیا ہے۔ پینڈورا پیپرز میں پاکستان سمیت ایک سو سترہ ممالک کی اہم شخصیات سے متعلق مالی تفصیلات شامل ہیں۔ دنیا بھر کے 600 سے زائد رپورٹرز اور 117 ملکوں کے 150 میڈیا اداروں نے تحقیقات میں حصہ لیا تھا۔

پنڈورا پیپرز میں پانام سے زیادہ پاکستانیوں کے نام ہیں۔  اس میں دو سو سے زائد ممالک کی 29 ہزار آف شور کمپنیوں کا پردہ فاش کیا گیا ہے۔ پاکستان سمیت 45 ملکوں سے تعلق رکھنے والے 130 ارب پتی افراد کی خفیہ جائیداد کا پتا چلا گیا ۔

آئی سی آئی جے کی تحقیقات کے دوران ایک کروڑ 19 لاکھ سے زائد خفیہ دستاویزات کو کھنگالا گیا ہے۔ پنڈورا پیپرز میں 700 سے زائد پاکستانیوں کے نام آئے ہیں۔

تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق وزیرخزانہ شوکت ترین آف شور کمپنی کے مالک نکلے ہیں۔ اسحاق ڈار کے صاحبزادے علی ڈار، وزیراعظم کے سابق معاون خصوصی وقار مسعود کے صاحبزادے عبداللہ مسعود، وفاقی وزیر مونس الٰہی، سینیٹر فیصل واؤڈا، وزیر صنعت خسرو بختیار، پنجاب کے سینئر وزیر علیم خان سمیت دیگر کے نام شامل ہیں۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما شرجیل انعام میمن،  میجرجنرل(ر)نصرت نعیم, جنرل (ر)افضل مظفرکے بیٹےحسن مظفر، سی ای اوابراج گروپ عارف نقوی، جنرل (ر)شفاعت اللہ،کرنل (ر)راجہ نادرپرویز،  زہرہ تنویراہلیہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) تنویر طاہر، شہناز سجادہمشیرہ جنرل(ر)علی قلی خان، امپریل شوگرمل کے مالک نویدمغیث شیخ کی بھی آف شور کمپنی نکلی ہے۔

  ٹریڈربشیرداؤد،نیشنل بینک کے صدر عارف عثمانی، جنرل(ر)خالدمقبول کے داماد احسن لطیف، علی جہانگیرصدیقی، مرچنٹ آصف حفیظ، نیشنل انویسٹمنٹ ٹرسٹ کےایم ڈی عدنان آفریدی، لیفٹیننٹ جنرل(ر)شفاعت اللہ شاہ کا نام بھی پینڈورا پیپرز میں شامل ہے۔

فہرست کے مطابق کاروباری شخصیت عارف شافی، سابق ایئرمارشل عباس خٹک کے بیٹوں عمراور احدخٹک، ایگزٹ کمپنی کے مالک شعیب شیخ بھی آف شور کمپنی کے مالک نکلے۔

جن غیر ملکی شخصیات کی پینڈورا پیپرز میں آف شور کمپنیاں نکلی ہیں ان میں اردن کے شاہ عبداللہ ، قطر کے حکمرانوں ، یوکرائن ، کینیا  ایکواڈور کے صدور شامل ہیں۔ جمہوریہ چیک کے صدر ، روسی وزیر کانسٹائن ، روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن ، آذربائیجان کے صدر  ،برطانیہ کے سابق وزیر اعظم ٹونی بلیئر ، کولمبیا کی گلوکارہ شکیرا نے بھی آف شور کمپنیاں بنائیں۔

پنڈورا پیپرز میں6بھارتی سیاست دانوں، چین کے2، یواےای کے11، روس کے 19 ، برازیل کے9، یوکرین کے 38 اور نائیجیریاکے 10، برطانیہ کے 9 اور سعودی عرب کے پانچ سیاست دانوں، اٹلی کے4،انڈونیشیا2، فرانس کے 3،  اسپین کے5، پرتگال کے3سیاستدانوں کےنام بھی شامل ہیں۔

تبصرے بند ہیں.