عمر شریف کی نماز جنازہ کل جرمنی میں ادا کی جائے گی

140

برلن : معروف اداکار عمر شریف کی نماز جنازہ کل جرمنی کے شہر نیورمبرگ میں ادا کی جائے گی ۔ عمر شریف کی میت کو کل صبح غسل دیا جائے گا۔

نیونیوز کے مطابق نماز جنازہ نیور مبرگ کی ترکش مسجد میں بعد نماز ظہر ادا کی جائے گی ۔ عمر شریف کی میت ممکنہ طور پر منگل کو پاکستان لائی جائے گی۔

عمرشریف کے بیٹے کا کہنا ہے کہ والد کی میت پاکستان روانہ ہونے سے کے بعد پاکستان میں نماز جنازہ کے وقت کا اعلان کیا جائے گا۔

عمر شریف کی تدفین حضرت عبداللہ شاہ غازی ؒ کے قدموں کی طرف جشمے کے قریب کی جائے گی۔ سندھ حکومت نے حضرت عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے قریب تدفین کی اجازت دے دی ہے۔

ایشیا میں کامیڈی کے بادشاہ عمر شریف کی نماز جنازہ معروف عالم دین اور وفاق المدارس العریبیہ کے صدر مفتی تقی عثمانی پڑھائیں گے۔

واضح رہے کہ عمر شریف ہفتے کو جرمنی کے ہسپتال میں 66 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے ۔ انہیں بذریعہ ایئرایمبولینس کراچی سے امریکا علاج کے لیے لے جایا جا رہا تھا لیکن جرمنی میں طبیعت خراب ہونے پر انہیں ہسپتال داخل کرایا گیا ۔

جہاں وہ دو دن ہسپتال میں زیر علاج رہے ہفتے کو ان کا ڈائلسز کیا گیا جو کامیاب رہا لیکن کچھ گھنٹے بعد انہیں دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔ جرمنی میں ان کے ساتھ ان کی تیسری بیوی زرین غزل ہیں جو میت کے ساتھ واپس آئیں گی۔

تبصرے بند ہیں.