افغانستان میں نئی حکومت قائم ہونے کے بعد پی آئی اے کی پہلی پرواز کابل پہنچ گئی

169

اسلام آباد: افغانستان میں نئی حکومت کے قیام کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کی پہلی پرواز کابل پہنچ گئی ہے جس میں چیف آپریٹنگ آفیسر ائیرکموڈور جواد ظفر سمیت غیر ملکی صحافی بھی موجود تھے۔ 
پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر ائیر کموڈور جواد ظفر چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کے نمائندے کے طور پر پی کے 6249 پرواز کے ذریعے اسلام آباد سے کابل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچے جہاں ناصرف پی آئی اے کا نام بلکہ مذکورہ پرواز کا نمبر بھی آویزاں تھا۔ 
پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کابل ائیرپورٹ پر خدمات کی بحالی کیلئے افغان سول ایوی ایشن اور پی آئی اے کے مقامی عملے نے خصوصی انتظامات کئے ہیں، تربیت یافتہ ائیرپورٹ عملے نے ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد پرواز کو ہینڈل کیا اورکابل ائیرپورٹ پر پی آئی اے کا نام اور پرواز نمبر آویزاں کیا۔ 
ترجمان نے بتایا کہ اس پرواز سے پی آئی اے کا عملہ بین الاقوامی صحافیوں کو کابل لے کرگیا اور عالمی بنک اور بین الاقوامی خبر رساں اداروں کی ٹیم کو واپس لے کر آیا جبکہ پرواز کا مقصد پاکستان اور افغانستان کے مابین خیر سگالی کو فروغ دینا اورانسانی ہمدردی کی بنیادوں پرآپریشن کو مضبوط کرنا ہے۔ 
ترجمان پی آئی اے کے مطابق مذکورہ پرواز ناصرف قومی ائیرلائن بلکہ پوری دنیا کیلئے بہت اہم ہے کیونکہ فضائی رابطے بحال کرنے کیلئے سب کی نظریں پی آئی اے پر ہیں جس نے غیر ملکیوں کے انخلاءمیں بھی صف اول کا کردار ادا کیا ۔ 

تبصرے بند ہیں.