حکومت کا جدید ٹیکنالوجی سے لیس میڈیا یونیورسٹی کے قیام کا اعلان

181

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے جدید ٹیکنالوجی سے لیس میڈیا یونیورسٹی قائم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، یہ یونیورسٹی ملک کے نوجوانوں کو جدید ترین معلومات فراہم کرے گی۔

یہ بات سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرا شاہد نے بتائی۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ہم پی ٹی وی کے تمام چینلز کو ایچ ڈی میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشن کے تحت ہم اپنے ملک کے خوبصورت مناظر پر مبنی ایک لوکیشن لائبریری بھی قائم کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات کے ساتھ کئی ادارے منسلک ہیں، ہماری کوشش ہے کہ ہم وزارت اطلاعات و نشریات کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق اور ڈیجیٹلائزیشن کے ساتھ ہم آہنگ کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کے حوالے سے کئی چیلنجز ہیں، ہم نے پی ٹی وی پر دکھائے جانے والے پروگرامز اور مواد کو بہتر کرنا ہے، ہم نے نہ صرف پی ٹی وی نیوز بلکہ اس کے دیگر چینلز کو بھی مکمل طور پر ایچ ڈی کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزارت اطلاعات کے دیگر اداروں میں بھی کام ہو رہا ہے، پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن ایک عرصہ سے مشکلات کا شکار تھا، اب ہم اس میں نئی ٹیکنالوجی لا رہے ہیں، اس کے علاوہ ہم چاہتے ہیں کہ ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کو ہم مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کریں، ہمارے ایک ڈیپارٹمنٹ ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشن کے تحت ہم اپنے ملک کے خوبصورت مناظر پر مبنی ایک لوکیشن لائبریری قائم کر رہے ہیں،

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کے بے شمار ایسے علاقے ہیں جو دنیا کی نظر سے اوجھل ہیں، ہماری کوشش ہے کہ ان علاقوں کے بارے میں ہم دنیا کو بتائیں۔ سیکرٹری اطلاعات و نشریات نے کہا کہ پیمرا اس وقت ایک ڈیجیٹل کیبل پالیسی پر کام کر رہا ہے، ہماری کوشش ہے کہ ملک میں موجود تمام کیبل کنٹریکٹرز اور آپریٹرز بھی ڈیجیٹائزیشن کی طرف جائیں، اس کے لئے حکومت تمام ضروری تعاون کرنے کے لئے تیار ہے۔

شاہیرا شاہد نے کہا کہ اس کے علاوہ ہمارا ایک بہت اہم ادارہ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) بھی ہے، پی آئی ڈی ملک کی ساری ایڈورٹائزمنٹ ہینڈل کرتا ہے اور یہ بہت ضروری ہے کہ ایڈورٹائزمنٹ کا یہ تمام عمل مکمل طور پر شفاف طریقے سے کیا جائے، اس کے لئے ہم نے پی آئی ڈی کا ایک آٹومیشن پلان تیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت جدید ٹیکنالوجی سے لیس میڈیا یونیورسٹی قائم کر رہی ہے، میڈیا یونیورسٹی ملک کے نوجوانوں کو جدید ترین معلومات فراہم کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کے تحت ہم سائونڈ، لائٹ اور فلم کی تیاری کے حوالے سے جدید علوم فراہم کرنے کے لئے سکولز بنائیں گے، ان سکولز کے ذریعے ہم ملک کے نوجوانوں کو بھی تعلیم دیں گے اور موجودہ استعداد کو بھی نئے دور کے تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ بنائیں گے۔

تبصرے بند ہیں.