صدف کنول پر تنقید، خلیل الرحمان قمر بھڑک اٹھے، طاہرہ عبداللہ کو کھری کھری سنا دیں

261

لاہور: معروف رائٹر خلیل الرحمان قمر نے اداکارہ صدف کنول کے بیان کی مکمل تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شوہر کی خدمت کرنا ان کا ذاتی فعل ہے، انہوں نے اپنی رائے کسی پر بھی مسلط کرنے کی کوشش نہیں کی۔

ایک نجی ٹیلی وژن سے گفتگو میں خلیل الرحمان قمر کا کہنا تھا کہ صدف کنول اپنے شوہر کے جوتے پالش کرے یا انھیں موزے ڈھونڈ کر دے، یہ سراسر ان کا ذاتی فعل اور مسئلہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں ایسا ہو ہی نہیں رہا۔ اگر کوئی خاتون اپنے شوہر کی خدمت کیلئے ایسا کرتی ہے تو یہ محبت کی اعلیٰ مثال ہے۔

پروگرام میں شریک سماجی رہنما طاہرہ عبداللہ کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ خاتون کیوں چلا چلا کر بات کرتی ہیں، یہ کچھ بھی نہیں ہیں۔ ان جیسے لوگوں نے میرے سماج کا بیٹرہ غرق کرنے کی سپاری لی ہوئی ہے۔

خلیل الرحمان قمر کا کہنا تھا کہ طاہر عبداللہ سے کہیں کہ وہ چیخ چلا کر میرے معاشرے پر چڑھ دوڑنے کی ہرگز کوشش نہ کریں۔ انہوں نے پہلے ہی بہت کچھ کر دیا ہے۔ صدف کنول نے کوئی بری بات نہیں کی، اس نے خواتین کو کوئی قانون بنا کر نہیں دیدیا۔ یا ان کے گھروں میں جھانک کر نہیں دیکھا کہ انہوں نے بھی ایسا ہی کرنا ہے۔

معروف ڈرامہ نگار کا کہنا تھا کہ جس نے جو کرنا ہے کرے، ہم تو اپنی اقدار کو بچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ طاہرہ عبداللہ سب کو خبردار خبردار کہنے والی ہوتی کون ہیں، انہوں نے کہاں سے ایسی گفتگو کرنا سیکھا ہے۔

خیال رہے کہ نجی ٹیلی وژن کے پروگرام میں شریک سماجی رہنما طاہرہ عبداللہ سے اداکارہ صدف کنول کے بیان پر سوال پوچھا گیا تو انہوں نے اس کا بہت برا مناتے ہوئے کہا تھا کہ میں سمجھتی ہوں کہ اس طرح کی فضولیات میں قوم کی توجہ کو بانٹا جا رہا ہے۔

طاہرہ عبداللہ کا کہنا تھا کہ ہمارے اور بہت سے سنجیدہ قسم کے مسائل ہیں، انھیں چھوڑ کر ہمیں اس قسم کی ٹرک کی بتیوں کے پیچھے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

سماجی رہنما نے کہا کہ آپ خاتون گھر کی چار دیواری میں جو کرنا چاہتی ہیں وہ کریں لیکن آپ کو قطعی یہ حق نہیں ہے کہ اپنے خیالات، سوچ اور اعمال کو مسلط کرنے کی کوشش کریں۔

انہوں نے صدف کنول کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہوتی کون ہیں مجھے بتانے والی کہ میں نے اپنے گھر میں کیا کرنا ہے اور کیا نہیں کرنا ہے۔

تبصرے بند ہیں.