نیب غلط آدمی سے پنگا لے رہا ہے، گرفتار کرنا ہے تو کرلیں: سعید غنی

178

کراچی: سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے قومی احتساب بیورو کیخلاف سخت زبان استعمال کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی طرح نیب بھی نالائق اور نااہل ہے، اس کے قانون کا سب سے زیادہ غلط استعمال چیئرمین کر رہے ہیں، پریس ریلیز میرا منہ بند نہیں کرا سکتی، گرفتار کرنا ہے تو کرلیں، بھاگوں گا نہیں، آپ غلط آدمی سے پنگا لے رہے ہیں۔

سعید غنی کا کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نیب کو حکومت کے اشاروں پر چلایا جا رہا ہے۔ ایک ویڈیو نے نیب کی عزت کو تہس نہس کر دیا ہے۔ چیئرمین نیب اگر بلیک میل ہو رہے ہیں تو عہدہ چھوڑ دیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ نیب کی انتقامی کارروائیوں کی وجہ سے لوگوں کے گھر تباہ ہو گئے ہیں، نیب کی وجہ سے بے شمار لوگوں نے خود کشیاں کیں، نیب ملک کے معزز افراد کے خلاف انتقامی کارروائیاں کر رہا ہے۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ نیب کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ میرے بیان کا 131 اے کے تحت جائزہ لیا جا رہا ہے، اس سے تاثر ملا کہ میں توہین نیب کا مرتکب ہوا ہوں، 131 اے تو سب سے پہلے چیئرمین نیب پر لگنا چاہیے کیونکہ وہی سب سے زیادہ اپنے اختیارات کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔

سعید غنی نے کہا کہ چیلنج کرتا ہوں مجھے نوٹس بھیجیں، ان کے منہ پر ان کے کرتوت بتاؤں گا کہ چیئرمین نیب حکومتی ایما پر کام کرتے ہیں، ضبط شدہ گھر اور گاڑیاں نیب آفیسرز استعمال کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں حلیم عادل شیخ کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہا ہوں، ان پر قبضے کے الزامات درست ہیں۔ آپ مان لیں نیب نیازی گٹھ جوڑ ہے۔ پریس ریلیز میرا منہ بند نہیں کرا سکتی۔ نیب کو حکومت کے اشاروں پر چلایا جا رہا ہے۔ چیئرمین نیب اگر بلیک میل ہو رہے ہیں تو عہدہ چھوڑ دیں۔

تبصرے بند ہیں.