بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں دھماکا، 7 افراد جاں بحق، 70 سے زائد زخمی

144

ڈھاکہ: بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں دھماکے سے 7 افراد جاں بحق جبکہ 70 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق دھماکا دارالحکومت کے مگ بازار میں واقع ایک عمارت میں ہوا جس سے متعدد گاڑیاں اور ملحقہ عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ میٹروپولیٹن پولیس کمشنر کے مطابق دھماکے میں 70 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔ یہ دھماکا گزشتہ رات تقریباً 8 بجے کے قریب ڈھاکہ کے علاقے موگھ بازار کے گیٹ پر ہوا۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ دھماکا گیس پائپ لائن پھٹنے سے ہوا تاہم ابھی تک سیکیورٹی ادارے حتمی طور پر کچھ بھی بتانے سے قاصر ہیں۔

زخمیوں میں سے 29 کو ڈھاکہ میڈیکل کالج ہسپتال، 10 زخمیوں کو شیخ حسینہ برن اینڈ پلاسٹک انسٹی ٹیوٹ جبکہ دیگر کو مختلف ہسپتالوں میں داخل کرا دیا گیا ہے جہاں انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

ڈھاکہ کے کمشنر کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ دھماکے میں کسی دہشتگرد کارروائی کے فی الحال شواہد نہیں ملے، ابتدائی تحقیقات میں یہی چیز سامنے آ رہی ہے کہ یہ دھماکا گیس پائپ لائن پھٹنے سے ہوا۔

تاہم ان کا کہنا تھا حتمی نتائج تمام شواہد اکھٹے کرکے ہی حاصل ہو سکیں گے، اس سے قبل اس دھماکے کے بارے میں کچھ بھی نہیں کہا جا سکتا۔

انہوں نے بتایا کہ دھماکا ایک شوارما کی دکان میں ہوا کو تین منزلہ عمارت کی گرائونڈ فلور پر قائم تھی۔ دھماکا اس قدر ہولناک تھا کہ اس سے ملحقہ عمارتوں اور قریب کھڑی گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور بسوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

تبصرے بند ہیں.