وزیراعلیٰ سے اختلافات، بلوچستان کے وزیر تعلیم یار محمد رند نے استعفیٰ دیدیا

161

کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی میں تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر تعلیم یار محمد رند نے وزیراعلیٰ کیساتھ اختلافات کے بعد اپنی وزارت سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔

سردار یار محمد رند کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ابھی وہ صرف اپنی وزارت سے مستعفی ہو رہے ہیں، تحریک انصاف چھوڑنے کا فیصلہ حلقے کی عوام اور دوستوں کی مشاورت سے کروں گا۔

انہوں نے صوبائی وزارت تعلیم کی وزارت چھوڑنے کا اعلان بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں کیا۔ خیال رہے کہ سردار یار محمد رند صوبائی کابینہ سے مستعفی ہونے والے دوسرے وزیر ہیں۔

اس سے قبل گزشتہ مہینے صوبائی وزیر بلدیات سردار محمد صالح بھوتانی نے بھی وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے شدید سیاسی اختلافات کی وجہ سے اپنا عہدہ چھوڑ دیا تھا۔

سردار یار محمد رند کا کہنا تھا کہ اس صوبائی کابینہ میں اب میری کوئی اہمیت نہیں رہی، اس لئے میں اپنی وزارت چھوڑنے کا اعلان کر رہا ہوں، میں اب مزید وزیراعلیٰ جام کمال کی کابینہ کا حصہ نہیں رہ سکتا، اگر میں نے ایسا نہ کیا تو میرا ضمیر مجھے جھنجھوڑتا رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ لیکن اس کے باوجود اگر جام کمال کی حکومت نے صوبہ بلوچستان کی بہبود اور اس کے مفاد میں کوئی بھی کام کیا تو وہ اس کی بھرپور حمایت کریں گے لیکن اس کے برعکس کسی بھی کام کی ان کی جانب سے بھرپور مخالفت کی جائے گی۔

انہوں نے صوبائی حکومت کو خبردار کیا کہ استعفیٰ دینے کے بعد اگر مجھے یا میرے خاندان کے کسی بھی فرد کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کی صرف اور ذمہ داری وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان پر ہی عائد ہوگی۔

تبصرے بند ہیں.