لاہور: لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں ہونے والے بم دھماکے سے متعلق اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ حساس اداروں نے 10 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان سے تفتیش شروع کر دی ہے۔
انسداد دہشتگردی ذرائع کے مطابق ناصرف لاہور بلکہ صوبہ پنجاب کے دیگر علاقوں میں بھی سرچ آپریشن کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ رات ہی 10 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر خفیہ مقام پر منتقل کر دیا گیا تھا جہاں ان سے دھماکے میں ملوث ہونے کے بارے میں پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان میں سے ایک مشتبہ شخص کو لاہور ایئرپورٹ پر گزشتہ رات کی گئی ایک کارروائی کے دوران حراست میں لیا گیا، یہ شخص ہوائی جہاز کے ذریعے کراچی فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ اسے طیارے سے آف لوڈ کرکے حساس اداروں نے فوری اپنی تحویل میں لے لیا۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ جوہر ٹاؤن دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی بابو صابو انٹرچینج سے لاہور شہر کے اندر داخل ہوئی تھی۔
سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق گاڑی صبح کے اوقات میں لاہور میں داخل ہوئی لیکن کسی چیک پوسٹ یا ناکے پر پولیس اہلکاروں نے اسے چیک کرنے کی زحمت نہیں کی۔
تبصرے بند ہیں.