پنجاب حکومت کا صوبے میں نئے ڈویژن، نئے اضلاع اور نئی تحصیلوں کے قیام پر غور

163

لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے میں نئے ڈویژن، نئے اضلاع اور نئی تحصیلوں کے قیام پر غور شروع کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے خاموشی سے مختلف اداروں کو ٹاسک سونپ دیا ہے۔

نیو نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر خفیہ طور پر نئے اضلاع، تحصیلوں کے لئے کام شروع ہو چکا ہے، مختلف اداروں سے نئے اضلاع کے حوالے سے ابتدائی رپورٹس مانگ لی گئی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ منظوری کے بعد پنجاب میں نئے اضلاع ،نئی تحصیلوں اورنئے ڈویژن کےحوالے سے باضابطہ کام ہوگا۔

اس سلسلے میں سیاسی رہنماؤں اور ارکان اسمبلی سے بھی ان کے اضلاع میں ردوبدل کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔ پنجاب بھر میں زیادہ آبادی والے بڑے اضلاع میں کانٹ چھانٹ کا امکان ہے جبکہ کئی حلقوں میں ردوبدل ہوگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے نئے فیصلے بارے ابتدائی مشاورت مکمل کر لی ہے، حتمی فیصلے ورکنگ پیپر کے بعد ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاسی طور پر نئے فیصلے کے وسیع پیمانے پر اثرات مرتب ہوں گے۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار اصولی طور پر نئے اضلاع اور نئی تحصیلوں کے قیام کے حامی ہیں۔

تبصرے بند ہیں.