کورونا ویکسین کی قلت، کراچی سمیت سندھ بھر میں ویکسی نیشن سینٹر بند

142

کراچی: عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکوں کی شدید قلت کی وجہ سے کراچی سمیت صوبہ سندھ کے تمام ویکسی نیشن مراکز کو بند کر دیا گیا ہے۔ ادھر صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بھی ان ادویات کی کمی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

سندھ حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آج سے کراچی سمیت صوبے بھر میں ویکسی نیشن مراکز کو بند کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب حفاظتی ٹیکوں کی کمی کے پیش نظر صوبہ پنجاب میں بھی کورونا ویکسی نیشن کا عمل روک دیا گیا ہے۔ لاہور کے ایکسپو سینٹر میں آج سے ویکسی نیشن نہیں ہوگی۔

خبریں ہیں کہ خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں بھی کورونا ویکسین کی شدید قلت ہے، اس لئے شہریوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کا عمل معطل کر دیا گیا ہے۔

اس معاملے پر بات کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اس وقت کورونا ویکسین کی دس لاکھ خوراکیں موجود ہیں۔ امید ہے کہ آج مزید 15 پندرہ لاکھ ڈوزز پہنچ جائیں گی

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ویکسین کی تقسیم کی وجہ سے شہریوں کی ویکسی نیشن کے نظام پر دباؤ ہے۔ امید ہے کہ 22 جون تک مزید پچیس لاکھ ویکسین کی خوراکیں پاکستان پہنچ جائیں گی۔

معاون خصوصی برائے صحت کا کہنا تھا کہ اس کے بعد تئیس اور تیس جون کے درمیان کم از کم 30 لاکھ مزید کورونا ویکسین کی خوراکیں پہنچنے کا قوی امکان ہے۔ اس کے علاوہ 30 جون تک پاک ویک کی بھی 4 لاکھ خوراکیں تیار ہو جائیں گی۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اسد عمر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آئندہ چند روز کے اندر اندر 50 لاکھ ویکیسین کی خوراکیں پاکستان آ جائیں گی۔

تبصرے بند ہیں.