واٹس ایپ کی نئی اپ ڈیٹ کے بعد صارفین کا ڈیٹا غیر محفوظ، انتباہ جاری ہو گیا

160

ریاض: سعودی عرب میں سائبرسیکیورٹی کے قومی مرکز نے واٹس ایپ صارفین کیلئے انتباہ جاری کردیا ہے کہ ایپلی کیشن کی نئی اپ ڈیٹ کے بعد صارفین کا ڈیٹا غیر محفوظ ہے اور ہیکرز اس موقع کا فائدہ اٹھا کر ذاتی ڈیٹا ہیک کر سکتے ہیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں سائبر سیکیورٹی کے قومی مرکز نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ کی اپ ڈیٹ کے بعد پیدا ہونے والی خامیوں سے متعلق صارفین کو خبردار کیا ہے کہ واٹس ایپ نے اپنی دیگر ایپلی کیشن یعنی واٹس ایپ بزنس فار آئی او ایس، واٹس ایپ فار اینڈرائڈ اور واٹس ایپ بزنس فار اینڈرائڈ میں خلل دور کرنے کیلئے جو اپ ڈیٹ کی ہے وہ بے حد خطرناک ہے۔

ادارے کا کہنا ہے کہ اپ ڈیٹ کے بعد صارفین کا ڈیٹا خطرے میں ہے اور ہیکرز ان خامیوں کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں اس لئے صارفین نئی اپ ڈیٹ آنے تک پہلے سے انسٹال شدہ ایپلی کیشن ہی استعمال کریں یا پھر ایپ سٹور پر جاکر واٹس ایپ کو سرچ کیا جائے اور پھر اپ ڈیٹ کے آپشن کو دبا کر اسے اپ ڈیٹ کر لیا جائے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل فیس بک کے 50 کروڑ سے زائد صارفین کا ڈیٹا لیک ہو گیا تھا اور نامعلوم ہیکرز نے 106 ممالک سے تعلق رکھنے والے 53 کروڑ 30 لاکھ سے زائد فیس بک صارفین کا ذاتی ڈیٹا شیئر کردیا تھا، ہیکرز کی جانب سے انٹر نیٹ پر صارفین کے فون نمبر، تصاویر اور دیگر ذاتی معلومات شیئر کی گئی تھیں۔

jazz monthly internet package

ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ ہیکرز فیس بک صارفین کے نام، لوکیشن، ای میل اور ذاتی معلومات کو استعمال کر کے جعلی اکاؤنٹس بنا کر فراڈ کرسکتے یا صارفین کو کسی بھی وجہ سے مشکل میں ڈال سکتے ہیں۔ جن لوگوں کا ڈیٹا چوری ہوا تھا ان میں سے 3 کروڑ 20 لاکھ افراد کا تعلق امریکہ جبکہ ایک کروڑ برطانوی اور 60 لاکھ بھارتی بھی شامل تھے۔

(بشکریہ: نیو نیوز)

تبصرے بند ہیں.