لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ بریل سسٹم بصارت سے محروم افراد کے لیے علم حاصل کرنے کا مؤثر ذریعہ ہے، جو انہیں تعلیمی اور ذاتی ترقی کی راہیں کھولتا ہے۔
ورلڈ بریل ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ بریل پریس کام کر رہے ہیں، جو نابینا افراد کو عالمی معیار کی تعلیمی مواد فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور اور بہاولپور کے بریل پرنٹنگ پریس کے ذریعے صوبہ بھر میں سرکاری و نجی اداروں کو مفت کتابیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ رواں سال پنجاب بھر میں 3 ہزار سے زائد خصوصی بچوں کو انرول کیا گیا اور بصارت سے محروم طلبہ کو 15 ہزار سے زائد بریل بکس فراہم کی جا چکی ہیں۔ اس کے علاوہ، خصوصی طلبہ کو قرآن پاک بھی بریل میں فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ وہ دینی تعلیم حاصل کر سکیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ خصوصی افراد کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے معاون آلات فراہم کیے جا رہے ہیں اور محکمہ سپیشل ایجوکیشن میں اصلاحات کی جا رہی ہیں تاکہ اسے جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ خصوصی افراد کے معاشی مسائل حل کرنے کے لیے ہمت کارڈ کے ذریعے مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور سماعت سے محروم بچوں کے لیے معاون آلات فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ سماجی و تعلیمی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے سکیں۔
مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کا پہلا آٹزم سکول تیزی سے مکمل ہو رہا ہے، جس سے خصوصی افراد کی زندگیوں میں آسانیاں آئیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ اور ان کے لیے سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
تبصرے بند ہیں.