لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست، اسموگ کی شدت میں اضافہ

104

لاہور : آج بھی لاہور دنیا کے سب سے آلودہ شہروں میں شامل ہے، جہاں سموگ کی شدت خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے اور ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 910 تک پہنچ گیا ہے۔

 

لاہور سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا کے متعدد علاقے سموگ کی لپیٹ میں ہیں، جس کی وجہ سے فضائی آلودگی شہریوں کی صحت پر سنگین اثرات مرتب کر رہی ہے۔ سموگ کی وجہ سے سانس لینا مشکل ہو گیا ہے اور خشک کھانسی سمیت دیگر بیماریوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔

 

لاہور کے مختلف علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس کی سطح بہت بلند ہو گئی ہے، جیسے ڈی ایچ اے میں AQI 1236، جوہر ٹاؤن میں 991، سید مراتب علی روڈ پر 1256 اور غازی روڈ انٹرچینج پر 904 ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ، ملتان کا AQI 800، پشاور 258، فیصل آباد 252 اور اسلام آباد کا AQI 253 تک پہنچ چکا ہے۔

 

امریکی میڈیا کے مطابق سموگ کی شدت اتنی زیادہ ہو گئی ہے کہ اب یہ خلاء سے بھی نظر آنا شروع ہو گئی ہے۔ ناسا نے لاہور اور دہلی کی سیٹلائٹ تصاویر جاری کی ہیں، جن سے یہ واضح ہوتا ہے کہ 31 اگست کو دونوں شہروں کی فضا صاف تھی، لیکن 10 نومبر کی تصاویر میں دونوں شہروں کے اوپر سفید رنگ کی ایک چادر نظر آ رہی ہے، جو سموگ کی بڑھتی ہوئی شدت کی نشاندہی کرتی ہے۔

تبصرے بند ہیں.