واشنگٹن: امریکہ میں صدارتی انتخابات کا مرحلہ شروع ہو چکا ہے، اور اس موقع پر ملک بھر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور الیکشن عملے پر تشدد کے ممکنہ خدشات سے نمٹنے کے لیے غیر معمولی سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق، واشنگٹن، اوریگن اور نیواڈا کی ریاستوں میں نیشنل گارڈ کو فعال کر دیا گیا ہے، جب کہ انتخابات کی نگرانی کے لیے ایف بی آئی نے خصوصی کمانڈ پوسٹس قائم کی ہیں تاکہ کسی بھی غیر معمولی صورتحال کا فوری تدارک کیا جا سکے۔
امریکہ بھر میں ایک لاکھ سے زائد پولنگ اسٹیشنز پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور پولنگ عملے کی حفاظت کے لیے خصوصی مسلح ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ انتخابات کے دوران غلط معلومات اور جھوٹی افواہوں کے پھیلاؤ کا امکان ہے، جو نہ صرف الیکشن عملے بلکہ ان کے خاندانوں کے لیے بھی خطرہ بن سکتی ہیں۔ سائبر سکیورٹی کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ بیرونی قوتیں اس بار انتخابات میں مداخلت کے لیے زیادہ منظم طریقے سے جھوٹی اطلاعات پھیلانے کی کوشش کر رہی ہیں۔
اس وقت دنیا بھر کی نظریں 47 ویں امریکی صدارتی انتخابات پر مرکوز ہیں، کیونکہ یہ انتخاب نہ صرف امریکی سیاست کو نئی سمت دے گا بلکہ عالمی سطح پر بھی اس کے وسیع اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.