ایس سی او اور پاک بھارت روابط کا امکان

59

جنوبی ایشیا جیسے حساس خطے میں سیاسی استحکام ہمیشہ خواب رہا ہے جس کی وجہ اندرونی اسباب کے ساتھ بیرونی مداخلت ہے تاکہ یکساں معاشی ترقی کا راستہ روکا جا سکے بھارتی قیادت عالمی قوتوں کی آلہ کارہے ایسی خواہش رکھنے والی عالمی قوتیں اپنے مقاصد میں بڑی حدتک کامیاب ہیں نہ صرف علاقائی تعاون تنظیم( سارک)اِس وقت مکمل طورپر غیر فعال ہے کیونکہ تنظیم کے ممبر ممالک کا ایک دہائی سے کوئی اجلاس نہیں ہو سکا بلکہ شراکت داری اور باہمی تجارت کاحجم بھی تشویشناک حدتک کم ہوچکاہے اگر عالمی طاقتیں اپنے مفادات تک محدود رہنے کے بجائے امن اور انصاف کوبھی ترجیح بناتیں تو یہ بدقسمت خطہ معاشی ترقی کے حوالے سے بدحال نہ ہوتا نیزغربت وبے روزگاری کی سطح بھی کم ہوتی مگر عالمی دھڑے بندی نے علاقائی ممالک میں تعاون کی راہیں محدود کررکھی ہیں اور بات چیت کا عمل بھی تعطل کا شکار ہے دوجوہری ہتھیاروں سے لیس ہمسایوں پاکستان اور بھارت میں 2019سے سفارتی تعلقات تاریخ کی نچلی ترین سطح پر ہیں اور تجارتی سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر ، پاکستان تو پھر بھی بات چیت کا عمل شروع کرنے کی آرزوکرتاہے لیکن بھارتی طرزِ عمل حوصلہ افزا نہیں مسئلہ کشمیر کے کسی بھی منصفانہ حل سے بچنے کے لیے بات چیت سے گریزاں ہے اگر متعصب اور جنونی مودی حکومت اگست 2019میں بھارتی آئین کے آرٹیکل 370کو منسوخ نہ کرتی جس کے تحت کشمیر کو کسی حدتک جزوی خود مختاری حاصل تھی تو آج جیسے حالات ہر گز نہ ہوتے مگر عالمی طاقتوں کی بے جا نازبرداری نے بھارت کو ہٹ دھرمی کاراستہ دکھایا اب تو اکثرتجزیہ کار متفق ہیں کہ سارک کی طرح پاک بھارت سرد مہری سے شنگھائی تعاون تنظیم کو بھی مقاصد حاصل کرنے میں دشواری کا سامنا ہو سکتاہے۔
رواں ماہ پندرہ اور سولہ اکتوبر کو شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ہوگا چین اور روس اِس تنظیم کے بانی ممالک ہیں جس نے مختصر وقت میں ممبر ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے نہ صرف باہمی تعاون میں حیران کُن اضافہ ہوا بلکہ تجارت اور شراکت داری بڑھنے سے ماضی کی تلخیاں بھی کم ہوئیں جسے معاشی ماہرین حوصلہ افزا قرار دہتے ہیں پاکستان اور بھارت نے اِس تنظیم کی جون 2017میں مکمل رُکنیت حاصل کی تو ایسی امیدیں وابستہ کی جانے لگیں کہ شاید بات چیت سے دونوں جوہری ہمسائے اپنے اختلاف وتنازعات حل کرلیں مگر ایسا نہیں ہو سکا اسلام آباد ایس سی اوسربراہ کانفرنس سے بھی پاک بھارت روابط بڑھنے کے امکانات کم ہیں ۔
چین اور روس کی شمولیت اور سربراہی سے شنگھائی تعاون تنظیم عالمی سطح پر بہت اہمیت کی حامل ہے چین دنیا کی ایک بڑی معاشی طاقت ہے تو روس کی دفاعی قوت بھی مسلمہ ہے جو یوکرین میں نیٹوجیسے دنیاکے سب سے بڑے دفاعی اتحاد سے تنہا برسرِ پیکارہے چین اور روس دونوں ہی دنیا میں مزید نئے دوستوں کی تلاش میں ہیں اِس میں شنگھائی تعاون تنظیم اُن کی معاون ہے جنگ وجدل کا ماحول بنانے ،عالمی تنازعات حل کرنے میںعدم دلچسپی اور امریکہ کے غیر منصفانہ رویے سے چین و روس کو نئے دوست تلاش میں آسانی ہے جس کی ایک مثال پاک روس تعلقات ہیں چند دہائی قبل دونوں کا شمار ایک دوسرے کے بدترین حریف ممالک میںہوتا تھا لیکن ایس سی او نے اِس حد تک قریب کردیا ہے کہ باہمی تجارت کو ڈالر سے الگ کرنے میں کامیاب اور مال کے بدلے مال جیساتجارتی معاہدہ کر چکے ہیں لیکن بھارت کا سرد مہری پر مبنی رویہ باہمی تعاون کی راہ کو غیر ہموار کر سکتا ہے حالانکہ جنوب مشرقی ایشیا ایک ایسا خطہ ہے جو نہ صرف گنجان آباد ہے بلکہ ترقی کرنے کے قدرتی مواقع سے بھی بھرپور ہے جس سے فائدہ اُٹھانانہایت آسان ہے کسی ایک ملک کی خواہش پرسب کچھ قربان کردینا دانشمندی نہیں۔
گزرے دس برس کے دوران بھارت نے ہر ممکن کوشش کی کہ نہ صرف پاکستان کے ساتھ بات چیت کے عمل کی حوصلہ افزائی نہ ہوبلکہ تجارت و تعاون کی راہیں بھی مسدود کی جائیں 2017میں جب قازق صدر نور سلطان نذربائیوف نے پاکستان اور بھارت کو شنگھائی تعاون تنظیم کا ممبر بناتے ہوئے خوش آمدید کہا تو امن پسندقوتوں کے لیے یہ بہت پُر مسرت لمحہ تھا کیونکہ تنظیم کی استعداد سے پاک بھارت کو اختلافات پُرامن طورپر ختم کرنے اور ترقی کے وسیع مواقع ملنے کا مکان پیدا ہو گیا تھا ممبر ممالک میں معدنی اور توانائی جیسے وسائل کے وسیع مواقع ہیں لیکن اب توقعات پر اندیشے حاوی ہوتے دکھائی دیتے ہیں اگر پاک بھارت کشیدگی ختم نہیں ہوتی تو سارک کے بعد ایس سی او کو لپیٹ میں لے سکتی ہے جب بھارت نے پاکستان سے ہر سطح پر بات چیت کا روزن بند کر رکھا ہوتو ظاہرہے ایسے حالات میں تعاون کے حوالے سے پیش رفت ہوناممکن نہیں ۔
رواں ماہ اسلام آباد میں ہونے والا شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس دونوں ممالک میں کشیدگی کم کرنے کا باعث بنے گا؟اِس حوالے سے تجزیہ کار مایوسی کا شکار ہیں دس برس کے عرصے میں سشما سوراج کے بعد جے شنکر دوسرے وزیرِ خارجہ ہیں جو پاکستان آرہے ہیں اِس دورے کا بھی شاید بھارت نے مجبوراََ فیصلہ کیا ہے مباداپاکستان کو اپنا بیانیہ پروان چڑھانے کا موقع ملے مگردورہ پاکستان سے قبل ہی دو طرفہ تعلقات کے حوالہ سے بات چیت کے امکان کو مسترد کر دیاگیا ہے سبرامینم جے شنکر کا یہ بیان بھارت کی روایتی پالیسی ہے جس کامقصدپاکستان کوغیر اہم ثابت کرنا ہے لیکن کیا چین اور روس تنظیم کو غیر فعال کرنے کی کوششوں کو نظر انداز کر دیں گے؟ایسا ممکن نہیں بلکہ اگر بھارت طرزِعمل تبدیل نہیں کرتا تو چین کے بعد روس سے بھی اُس کے تعلقات متاثر ہو نے کا امکان پیداہوجائے گا لہٰذا بہتر یہی ہے کہ بھارت تنازعات حل کرنے کے لیے مثبت اور تعمیری بات چیت شروع کرنے میں دلچسپی لے بھارتی قیادت کو ہر گز نہیں بھولنا چاہیے کہ آج وہ امریکہ کے جس منظورِ نظر کے منصب پر فائزہے اِس پر پاکستان کئی دہائیوں تک فائز رہ چکا مگر امریکہ نے ہمیشہ اپنی ضرورت کے مطابق تعلقات رکھے جونہی ضرورت پوری ہوئی تعلقات میں بھی سردمہری آتی رہی جب ہمسائے تبدیل نہیں کیے جا سکتے اورنہ ہی جوہری قوت کو ڈرایا جا سکتا ہے تو پھر تنازعات کو حل کرنے کے لیے بامقصد مذاکرات سے کیوں پہلو تہی کی جا رہی ہے؟ کشمیر اقوامِ متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق ایک متنازع علاقہ ہے جس کے لیے دونوں ممالک متعددجنگیں بھی لڑ چکے لیکن مسئلہ ہنوز حل طلب ہے شنگھائی تعاون تنظیم نے پاکستان اور بھارت کو اپنے مسائل بات چیت سے حل کرنے کا موقع دیا ہے ضرورت اِس امر کی ہے کہ موقع سے فائدہ اُٹھایا جائے اگربھارت بات چیت کے عمل میں دلچسپی نہیں لیتا تو یہ ایس سی او کے اغراض و مقاصد کی نفی کرنے کے مترادف ہوگا۔

تبصرے بند ہیں.