خیبرپختونخوا حکومت کا گندم سٹوریج کی استعداد کو بڑھانے کا فیصلہ

101

پشاور:خیبرپختونخوا حکومت  نے گندم سٹوریج کی استعداد کو بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔  وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیرصدارت محکمہ خوراک کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو اور محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے ہدایت کی کہ گندم کی خریداری سے متعلق جملہ امور میں شفافیت ہر لحاظ سے یقینی بنائی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ گندم کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی غیر معیاری گندم مارکیٹ میں ریلیز نہ ہو۔

گندم کی سٹوریج کی استعداد کو بڑھانے کے لیے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں منصوبہ شامل کیا جائے گا اور وفاقی حکومت سے ضمانت لی جائے کہ گندم کی بین الصوبائی نقل و حمل پر پابندی نہیں لگے گی۔

اجلاس میں پاسکو کی تحلیل کے فیصلے کے تناظر میں لائحہ عمل پر غوروخوض کیا گیا اور گندم کی خریداری کی مد میں پاسکو کے بقایاجات کی ادائیگیوں سے متعلق امور پر بھی گفتگو ہوئی۔

تبصرے بند ہیں.