ملائیشیا کے بحری ہیلی کاپٹرز فضا میں ٹکرا گئے، سوار تمام 10 افراد ہلاک

22

کوالالمپور: ملائیشیا کی بحریہ کے دو ہیلی کاپٹر  پریڈ کی مشق کے دوران فضا میں ٹکرا گئے، جہاز میں سوار عملے کے تمام 10 ارکان ہلاک ہو گئے۔

 

ملائیشین بحریہ کے مطابق آج صبح نیوی پریڈ کی ریہرسل کے دوران لومت بیس پر حادثہ پیش آیا، حادثے کی وجہ جاننے کیلئے تحقیقات کی جائیں گی۔

 

غیر ملکی میڈیا کے مطابق وزیر دفاع محمد خالد نوردین نے کہا کہ دونوں طیارے رائل ملائیشین نیوی کی 90 ویں سالگرہ کے موقع پر ہفتہ کو منعقد ہونے والی پریڈ کی مشق کر رہے تھے۔ ہلاک ہونے والے عملے کے ارکان کی شناخت کی تصدیق کے لیے کوششیں جاری ہیں، جن میں سے سبھی کی عمریں 40 سال سے کم تھیں۔

 

ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ”قوم دل کو ہلا دینے والے اور روح کو ہلا دینے والے سانحے پر سوگوار ہے،“

 

انہوں نے کہا، ”مجھے بتایا گیا تھا کہ حادثے کی وجہ جاننے کے لیے وزارت دفاع، خاص طور پر TLDM (رائل ملائیشین نیوی)  کی طرف سے فوری تحقیقات کی جائیں گی۔“

 

خیال رہے کہ جنوب مشرقی ایشیائی ملک میں ہیلی کاپٹروں کے واقعات غیر معمولی نہیں ہیں۔

 

گزشتہ ماہ ملائیشیا کے کوسٹ گارڈ کا ایک ہیلی کاپٹر آبنائے ملاکا میں گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

 

2016 میں ملائیشیا  کے ایک نائب وزیر ان لوگوں میں شامل تھے جو ملائیشیا کی ریاست سراواک میں یورو کاپٹر AS350 کے گر کر تباہ ہونے کے بعد ہلاک ہوئے۔

تبصرے بند ہیں.