ابہام نہیں اِس میں

79

کئی عشروں سے دنیا بھر میں دہشت گردی کے واقعات معمول ہیں لیکن بدھ تین جنوری کا دن ایران کے لیے ڈرائونا خواب ثابت ہوا ہے یہ رواں برس کے آغازپر دہشت گردی کی ہونے والی ایسی واردات ہے جس میں 103 افراد جاں بحق جبکہ 150 زخمی ہوئے دہشت گردوں نے ایسے دن کا انتخاب کیا جب ایرانی شہر کرمان میں پاسدارانِ انقلاب کے مرحوم جنرل قاسم سلیمانی کی چوتھی برسی تھی اور شہید جنرل کے مقبرے میں شہریوں کی کثیر تعداد جمع تھی قبرستان کے داخلی دروازے پر بارود سے بھرے بیگ رکھے گئے اور دھماکوں میںبے گناہ اور معصوم شہریوں کوموت کے گھاٹ اُتار دیا گیا جس پر پورے ملک کی فضا سوگوار ہے بلاشبہ یہ خوف و ہراس پھیلانے کی ایسی سوچی سمجھی سازش ہے جس کا مقصد ایران کو غیر مستحکم کرنا، انتشار و افراتفری پھیلانا اور اشتعال دلانے کے سوا کچھ نہیں دہشت گردی کے اِس واقعے کی پاکستان، سعودی عرب، چین، روس، ترکی سمیت کئی ممالک اور عالمی رہنمائوں نے شدید مذمت کی ہے مگر تاحال امریکی انتظامیہ کی طرٖ ف سے مذمت میں کوئی ایک لفظ تک نہیں بولا گیا جس کا بظاہر یہ پیغام لیا جارہا ہے کہ دہشت گردی کی اِس واردات کے پسِ پردہ ممکن ہے اُسی کے حمایت یافتہ گروہ ہوں کیونکہ ایران میں ہونے والے مظاہروں اور احتجاج کوحاصل امریکی حمایت کسی سے پوشیدہ نہیں مگر ابہام نہیں اِس میں کہ امریکہ نے کئی عشروں سے ایران سے کبھی سختی نہیں کی بلکہ بعض اوقات نرمی کامظاہرہ کیا ہے اسی بناپر تفرقہ بڑھانے جیسی سازشوں کی طرف دھیان جاتا ہے۔

جنرل قاسم سلیمانی ایک واجبی سی تعلیم رکھنے والے ایک ایسے سخت گیر جنرل تھے جنھیں امریکی کے لیے مسلسل خطرہ تصور کیا جارہا تھا جنھیں جان سے مارنے کی امریکی خواہش کواُس وقت کامیابی ہوئی جب بغداد ائرپورٹ سے نکلتے ہوئے اُنھیں تین جنوری 2020 کو امریکہ نے ڈرون حملے کے ذریعے مار دیا اسرائیل نے اِس واقعہ کو امریکہ کا دفاعی اقدام قرار دیتے ہوئے تحسین کی مگر حالیہ واقعہ پر ابھی تک اُ س کی خاموش معنی خیز ہے؟ ایران نے اپنے جنرل کی شہادت پرنہ صرف شدید احتجاج کیا بلکہ بدلہ لینے کا بھی اعلان کر دیا جس پر خطے میں تشویش کی لہر پیدا ہونا فطری عمل تھا مگر کچھ فہمیدہ حلقوں کو یقین تھا کہ دونوں ممالک ہرگز مدِ مقابل نہیں آئیں گے کیونکہ دونوں کا مفاد ایک دوسرے کی بقا میں ہے امریکہ نے مشرقِ وسطیٰ کے عرب ممالک کو یقین دلا رکھاہے کہ انھیں اسرائیل سے زیادہ ایران سے خطرہ ہے تو وہ بھلا کیوں کر ایران کو کمزور کر سکتاہے؟ کمزور ایران اُس کے مفادات کے حصول کے لیے کارگر ہی نہیں جنرل قسم سلیمانی کی ہلاکت پر ایرانی اشتعال انگیزی پر امریکہ نے ناصرف خلاف توقع صبر وتحمل کا مظاہرہ کیا بلکہ ایران کی طرف سے میزائل حملے کی معلومات ملتے ہی عراق میں موجود اپنے اڈوں سے فوجی دیگر جگہوں پر منتقل کر لیے اِس طرح ایرانی حکومت بدلہ لینے کے اعلان کو بھی عملی جامہ پہنا کر اپنے عوام کی نظروں میں سرخرو ہو گئی اور امریکہ کو کچھ خاص نقصان بھی نہ ہوا یہاں تک کہ کسی فوجی کی ہلاکت تو درکنا ر کوئی ایک زخمی تک نہ ہو سکا اسی بناپر نکتہ دان اِن میزائل حملوں کو دوستانہ قرار دیتے ہیں امریکی حکومت کا عرصہ سے منصوبہ ہے کہ مسلم ممالک کو مسلکی اختلافات میں الجھا کر کمزور کیا جائے اِس طرح نہ صرف اُن کے وسائل ہتھیائے جا سکتے ہیں بلکہ جب چاہے کسی کو بھی اپنے مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے ایران اور عراق آٹھ سالہ جنگ کو اسی سوچ کا نتیجہ کہہ سکتے ہیں اب افغانستان کے ذریعے پاکستان اور ایران پر دبائو بڑھایا جارہا ہے جس کا ادراک کرنے کی ضرورت ہے۔

مہسا امینی کی پولیس تشدد سے ہلاکت کے بعد سے ایران مظاہروں اور احتجاج کی ایسی شدید لہر کی لپیٹ میں ہے جس میں بڑی تعداد میں شہریوں کی اموات ہو چکیں مظاہرین سے ایرانی حکومت نہ صرف سختی سے پیش آرہی ہے بلکہ جانی نقصان کے باوجود لباس کے معاملے میں کسی کو کسی قسم کی رعایت دینے پر تیار نہیں جبکہ مظاہرین اِسے شہری آزادیوں کو سلب کرنے کی حکمتِ عملی کاحصہ قرار دیتے ہیں اسی لیے احتجاج اور مظاہرے پُرامن نہیں رہے بلکہ پُرتشدد ہو چکے ہیں اِس دوران درجنوں افراد جانوں سے محروم ہو گئے جبکہ کچھ کو پھانسی بھی دی جا چکی ہے مگر کسی طرف سے ابھی تک لچک کے کوئی آثار ہویدا نہیں یہ درست ہے کہ مظاہرین کی امریکہ اور مغربی ممالک پُشت پناہی کررہے ہیں مگر بات اتنی سادہ نہیں جیسی پیش کی جا رہی ہے بلکہ ایرانی جوہری پروگرام ہو یا پراکسی وار، امریکہ اور مغربی ممالک نے ہمیشہ چشم پوشی کی ہے اسرائیل بھی ایران کے خلاف کارروائی کا عندیہ تو دیتا رہتا ہے مگر عملی طور پر کبھی حرکت میں نہیں آیا جس سے ماہرین نتیجہ اخذ کرتے ہیں کہ کمزور ایران کسی طورامریکہ ،مغربی ممالک اور اسرائیل کے مفاد میں نہیں اِس میں کوئی ابہام نہیں کہ یمن کے حوثی ہوں، شامی حکومت کی کارروائیاں، یا غزہ اور لبنان کے جنگجو، سب کو ایران کی حمایت حاصل ہے مگر جنگجوئوں کے خلاف کارروائیاں تو کی جاتی ہیں لیکن ایران سے اِن کی حمایت اور وسائل فراہم کرنے کے منصوبوں پر نظر ثانی کا مطالبہ نہیں کیا جا تا یہ نرمی اور چشم پوشی ظاہر کرتی ہے کہ کچھ طاقتیں خطے کو عدمِ استحکام سے دوچار کرنے کے لیے ایران کو وسائل سے محروم نہیں کرنا چاہتیں اسی لیے حملوں کے جواب میں ناصرف خاموش رہا جاتا ہے بلکہ ایران کی پراکسی وار سے بھی چشم پوشی کی جاتی ہے۔

ایران و سعودیہ کے تعلقات بحال ہونے سے بھی کچھ طاقتوں کی ناخوشی عیاں حقیقت ہے مزیدیہ کہ تعلقات قائم کرنے کا معاہدہ چینی کاوشوں سے ممکن ہوا چین کے اثرورسوخ میں اضافہ ہویہ امریکی انتظامیہ کو کسی طور گوارہ نہیں اسی لیے ڈھکے چُھپے لفظوں میں ناپسندیدگی کا اظہار کرنے کے بجائے و اضح الفاظ کا چنائو کیا جاتا ہے مگر یہ تاثر لینا کہ امریکہ اور ایران ایک دوسرے کے مخالف ہیں کسی طور درست نہیں بلکہ سچ یہ ہے کہ دونوں ایک دوسرے کی ضرورت ہیں اور اکثر اوقات دونوں ہی ایک دوسرے کی ضرورتیں بھی پورا کرتے رہتے ہیں جس میں کوئی ابہام نہیں۔

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنائی نے بم دھماکوں کو دہشت گردانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے سخت جواب دینے کا اعلان کیا ہے مگر تاحال کرمان واقعہ کی ذمہ داری کسی گروہ نے قبول نہیں کی امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دھماکوں کا امریکہ کو ذمہ دارٹھہرانے کے دعوئوں کو ہم مسترد کرتے ہیں نیز واقعہ کے ذمہ داروں کا فوری تعین کرنا ابھی قبل از وقت ہے انھوں نے اِس واقعہ کو ماضی سے ملتا جلتا قرار دیتے ہوئے داعش کے ملوث ہونے کی طرف اشارہ کیا جس سے ایسے قیاسات کو تقویت ملتی ہے کہ خطے میں ایک بار پھر ازسر نو مسلکی اختلافات کی بنیا دپر مسلم ممالک کوایک دوسرے کے مدِ مقابل لانے کی کوشش ہو رہی ہے مگر ایسے واقعات علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے لیے ایسا خطرہ ہیں جن سے نمٹنے کے لیے مسلم ممالک میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے وگرنہ اِس میں کوئی ابہام نہیں رہا کہ خطے میں مسلکی آگ بھڑکانے سے مسلم ممالک کمزور اور اُن کے وسائل ضائع ہوں گے افغانستان کودہشت گردی کا منبع و مرکز بننے سے روکنے کے لیے پاکستان اور ایران کو دوطرفہ تعاون بڑھانا چاہیے تاکہ شدت پسند عناصر مسلم ممالک کے وسائل کو ضائع نہ کر سکیں اِ س میں پاک و ایران کا ہی بھلا نہیں مسلم اُمہ کی بھی مضبوطی ہے۔

تبصرے بند ہیں.