غزہ میں اسرائیلی فوجیوں کی جارحیت جاری ، شہید فلسطینیو ں کی تعداد10 ہزار سے تجاوز کرگئی ، 15 لاکھ سے زائد افراد بے گھر

49

غزہ :غزہ میں اسرائیلی فوجیوں کی جارحیت جاری  ہے۔  اس جنگ کو 31 روز ہوگئے ہیں۔  شہید فلسطینیو ں کی تعداد10  ہزار سے تجاوز کرگئی ہے  اور 15 لاکھ سے زائد افراد بے گھر  ہوگئے ہیں ۔ غزہ میں 31 روز سے جاری اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں کے دوران شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

 

فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی جارحیت سے مزید 252 فلسطینی شہید ہوئے، جس کے بعد 7 اکتوبر سے اب تک شہید ہونے والے افراد کی تعداد 10 ہزار 22 ہوگئی ہے۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ شہید افراد میں 4104 بچے اور 2641 خواتین بھی شامل ہیں۔اس عرصے میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 25 ہزار 408 فلسطینی زخمی ہوئے۔خیال رہے 31 روز سے جاری اس جنگ کے باعث غزہ کے 15 لاکھ سے زائد افراد بے گھر بھی ہوچکے ہیں۔

 

اسی طرح مغربی کنارے میں 7 اکتوبر سے اب تک 140 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔وزارت صحت کے ترجمان  کاکہنا ہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی بمباری میں 192 طبی ورکرز شہید جبکہ 32 ایمبولینسیں تباہ ہوچکی ہیں۔

تبصرے بند ہیں.