ایون فیلڈ ، العزیزیہ ریفرنس : نواز شریف کی سزا کیخلاف اپیلیں بحال کرنے کی درخواستوں پر سماعت آج پھر ہو گی

148

اسلام آباد: سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں اپیلیں بحال کرنے کی درخواستوں پر آج دن ڈھائی بجے کے بعد ایک بار پھرسماعت کی جائے گی۔

 

اسلام آباد ہائیکورٹ میں نواز شریف کی ایون فیلڈ، العزیزیہ ریفرنس میں اپیلیں بحال کرنے کی درخواستیں آج سماعت کیلئے مقرر ہیں۔  چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نواز شریف کی سزاؤں کیخلاف اپیلوں کی درخواستوں پر سماعت کرے گا۔  جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب بھی خصوصی بینچ میں شامل ہیں۔

 

عدالت نے اپیلوں کے مستقبل سے متعلق نیب سے جواب طلب کر رکھا ہے۔

اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں گے۔ رجسٹرار آفس نے بھی نواز شریف کی پیشی کیلئے جاری سکیورٹی سرکلرکے مطابق نواز شریف کیس کی سماعت ڈھائی بجے مقرر ہے، کمرہ عدالت میں داخلے کیلئے خصوصی پاسز جاری ہوں گے۔مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی لیگل ٹیم کو 15 افراد کی اجازت ہوگی، لا افسران کو 10 پاسز اور صحافیوں کو 30 پاسز جاری کئے جائیں گے۔

 

دوسری جانب ڈی آئی جی سیکیورٹی اویس احمد نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں سیکیورٹی انظامات کا خود جائزہ لیا۔ ڈی آئی جی نے چیف جسٹس کی عدالت میں انٹری پوائنٹس کا بھی جائزہ لیا۔ گزشتہ سماعت پر کئی افراد بغیر اجازت اور چیکنگ کے کمرہ عدالت میں داخل ہو گئے تھے۔

 

یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ ن کے قائد  نواز شریف  کی حفاظتی ضمانت پر بھی آج تک کیلئے توسیع کی گئی تھی۔

تبصرے بند ہیں.