پرویز الہٰی کی گرفتاری کا معاملہ عدلیہ اور اداروں کے درمیان ہے: وفاقی حکومت

170

اسلام آباد: نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ پرویز الٰہی کی گرفتاری کا معاملہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عدلیہ کے درمیان ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے ملکی قوانین کے تحت کام کرتے ہیں، اگر کہیں قانون کی خلاف ورزی ہوئی ہے تو ملک میں عدلیہ بھی آزاد ہے اور میڈیا بھی۔

 

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ ایک ذمہ دار نگراں حکومت ہونے کے ناطے ہمارا فرض ہے کہ ہم عدلیہ اور قانون کا احترام کریں۔

 

نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک میں ہر ایک کو اظہار رائے اور تنقید کا حق ہے، ہم کسی سے ان کا یہ حق چھین نہیں سکتے لیکن ہمارا بھی حق ہے کہ جس چیز کو درست سمجھیں وہ بلا خوف و خطر سامنے رکھیں۔

 

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں میں ریلیف کے حوالے سے کوششیں جاری ہیں، اس بارے تفصیلات فیصلوں کی شکل میں سامنے آئیں گی۔

 

انہوں نے کہا کہ آئین، قانون اور ہماری محدود مدت ہمیں فیصلے کرنے کی اجازت دیتے ہیں، آئین اور قانون کی روشنی میں ملک کے بہتر مفاد میں فیصلے کریں گے اور ان پر ڈٹ کر کھڑے رہیں گے۔

 

انتخابات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حلقہ بندیوں کا عمل تیز کر دیا ہے، الیکشن کمیشن انتخابات کی جو تاریخ دے گا اس پر انتخابات کے انعقاد میں ہر ممکن تعاون کریں گے۔

تبصرے بند ہیں.