نیٹ فلکس سیریز میں اداکاری کو ٹھکرا دیاتھا ،ٹیلنٹ نہیں بلکہ نمبرز کی بنیاد پر کام مل رہا ہے: آمنہ ملک

104

کراچی :اداکارہ آمنہ ملک کاکہنا ہےکہ آج کے دور میں ٹیلنٹ کی بنیاد پر نہیں بلکہ نمبرز کی بنیاد پر کام مل رہا ہے۔انہوں نے ایک پوڈ کاسٹ میں انٹرویو میں کہاکہ آج کے دور میں ٹیلنٹ کی بنیاد پر نہیں بلکہ نمبرز کی بنیاد پر کام مل رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ اداکاری سے قبل ٹیچنگ کررہی تھی، اس دوران مارننگ شو میں میزبانی کی آفر ہوئی لیکن میں نے انکار کردیا۔

 

مارننگ شو میں شادی بیاہ اور رقص کرتے ہیں جس کی وجہ سے میرے والدین نے منع کردیا اور میں خود بھی نہیں کرنا چاہتی تھی کہ ایسا کوئی پروگرام کروں، بعدازاں انہیں ایک نیوز چینل سے مارننگ شو میں میزبانی کی پیشکش ہوئی جہاں انہوں نے 2012 سے اپنے پروگرام اور کیریئرکا آغاز کیا۔اداکارہ نے یہ بھی بتایا مجھے اس وقت مارننگ شو کی میزبانی کے لیے ڈیڑھ لاکھ روپے ملتے تھے، لیکن بڑے چینلز کے مارننگ شوز میزبانی کےلیے 15 لاکھ معاوضہ دیتے ہیں۔

 

آمنہ ملک نے بتایا شوبز انڈسٹری میں کئی اداکارائیں ایسی ہیں اگر ان کا ایک ڈرامہ ہٹ ہوجائے تو وہ سمجھتی ہیں کہ انہیں سب کچھ آتا ہے، ان کے سیکھنے کا عمل وہیں پر ختم ہوجاتا ہے۔آج کل سوشل میڈیا کا دور ہے تو بلیو ٹک کافی اہمیت رکھتا ہے، کافی اداکاروں نے آدھے سے زیادہ فالوورز خریدے ہوئے ہیں۔

 

’شوبز اداکارائیں کسی انٹرویو میں جاتی ہیں تو ایسا لگتا ہے کہ دنیا میں ان جیسا رحم دل شخص کوئی نہیں ہے، یہ لوگ جعلی ہوتے ہیں۔لڑکیاں روزانہ منصوبہ بندی کرتی ہیں کہ آج انہیں کس اداکار کو نیچا دکھانا ہے، لڑکیاں سیٹ پر ایک دوسرے کے ساتھ تصاویر بھی نہیں لیتی کہ اگر انہوں نے سوشل میڈیا پر تصویر لگا دی تو کہیں اس کے فالوورز نہ بڑھ جائیں، آج کے دور میں ٹیلنٹ کی بنیاد پر نہیں بلکہ نمبرز کی بنیاد پر کام مل رہا ہے۔

 

آمنہ ملک نے اپنی شادی سے متعلق بتایا کہ ان کی شادی 18 سال کی عمر میں ہوگئی تھی، ان کی دو بیٹیاں ہیں، بڑی بیٹی 20 سال کی ہے اور چھوٹی بیٹی 13 سال کی ہے۔اداکارہ آمنہ ملک نے بتایا کہ وہ شروع سے بہت شرارتی، باتونی لڑکی تھیں، جو منہ میں آتا بول دیتی تھیں، جس کی وجہ سے شادی کے بعد انہیں کافی مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔

آمنہ نے بتایا کہ ’سسرال کی طرف سے میرے اوپر بچوں کے حوالے سے کافی دباؤ تھا،مس کیرج ہونے پر بہت ڈپریشن میں تھی۔مس کیرج کے بعد مجھے لوگوں نے کہا کہ میں نے اپنے فیشن کے لیے بچے کو خود ہی مار دیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس دوران ان کے شوہر نے ان کا بہت ساتھ دیا لیکن معاشرہ ایسی باتوں کو تسلیم نہیں کرتا۔

آمنہ ملک نے بتایا کہ ’گھر بیٹھ کر مطلبی باتیں کرنا بہت آسان ہے، جس کی وجہ سے میں نے سوشل میڈیا پر اپنی بیٹیوں کی تصاویر لگانا بھی بند کردی ہیں، کافی پروڈکشن ہاؤسز نے مجھے یہ تک کہہ دیا کہ میں سوشل میڈیا پر اپنے بچوں کی تصاویر لگاتی ہوں اس لیے مجھے ماؤں کے کردار زیادہ ملتے ہیں۔
بھارت میں فلم آفر ہونے سے متعلق آمنہ نے بتایا کہ انہیں بولی وڈ سے کوئی فلم آفر نہیں ہوئی، لیکن 2015 میں جب لندن میں فیشن شو کرنے گئی تھیں تو اس دوران انہیں نیٹ فلکس سیریز کے آڈیشن کے لیے بلایا گیا اور وہ آڈیشن دینے چلی گئیں، جب واپس آئیں انہیں ای میل موصول ہوئی جس میں انہیں نیٹ فلکس سیریز میں اداکاری کی آفر ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ چونکہ اس وقت نیٹ فلکس پاکستان میں زیادہ مقبول نہیں تھا، تو مجھے معلوم نہیں تھا کہ یہ کس طرح کا ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے، اس وقت میں نے اس پیشکش ٹھکرادیا تھا۔

 

تبصرے بند ہیں.