پنجاب کا میدان، ن لیگ نے انتخابی مہم کے آغاز کا اعلان کردیا:رہنمائوں کا محدود سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا بھی عندیہ

39

لاہور: پنجاب کے میدان کے لیے ن لیگ نے انتخابی مہم کا اعلان کردیا ہے۔ اس کے لیے ن لیگ نے بھرپور تیاری کرلی ہے۔ رہنمائوں نے محدود سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا عندیہ دیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ آج سے مسلم لیگ ن پنجاب بھر میں انتخابی مہم کا آغاز کر رہی ہے۔ انتخابی عمل کو بھرپور طریقے سے آگے لیکر چلیں گے، ہر حلقے میں ن لیگ کا امیدوار موجود ہوگا، صوبائی کے 297 اور قومی اسمبلی کے 146 تمام حلقوں میں ن لیگی امیدوار میدان میں اتریں گے۔لیگی رہنما نے کہا اس وقت پارٹی یوسی لیول تک منظم ہے، سیٹ ایڈجسٹمنٹ بڑی ہی محدود ہوگی، ہم مخلص کارکنوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، شیر کا نشان ہر حلقے میں موجود ہو گا۔

 

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا مسلم لیگ ن پاکستان کی خالق جماعت ہے، ن لیگ نے پاکستان کو ہر بحران سے نکالا، 1998 میں ملک کو ناقابل تسخیر بنایا گیا، پاکستان ایشین ٹائیگر بننے جا رہا تھا ایک سازش کے نتیجے میں نوازشریف کو سزا دی گئی، 2013 میں ملک میں 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی، نوازشریف کی قیادت میں لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی کو ختم کیا گیا۔

 

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ سازش کے تحت جماعت کو اور نوازشریف کو سزا دی گئی، پھر ایک فتنے نے ملک کی سیاست کو تقسیم کیا، اس شخص نے ملک کے نوجوانوں کو گمراہ کیا، وہ فتنہ ملک کے دفاع پر حملہ آور ہوا، گزشتہ 4 سال ترقی کا عمل رکا رہا، 4 سال تک چھوڑوں گا نہیں، چور ڈاکو پر کام ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی کو بری طرح مجروح کیا گیا، پاکستان کو ڈیفالٹ کے قریب تک پہنچا دیا گیا تھا، ڈیفالٹ ہمارے سر پر لٹک رہا تھا ہم اس سے اب محفوظ ہیں۔غریب آدمی کی زندگی مشکل ہوچکی ہے، ہم آسان کریں گے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ماضی میں پاکستان مسلم لیگ ن اور نوازشریف کے خلاف سازشیں ہوئیں، اس بار کوئی سازش نہیں ہوگی۔ قوم کی تقسیم کو ختم کرنا ہماری ترجیح ہے، 9 مئی کے واقعات پر جو کارروائی ہو رہی ہے وہ انتقامی کارروائی نہیں ہے، جناح ہاؤس کو جو آگ لگائی گئی کیا یہ کوئی خود ساختہ معاملہ ہے؟ شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی، جس جتھے، شرپسندوں نے یہ سرکشی کی ملک کے مروجہ قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے۔

 

وفاقی وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی تقریر کرتے رہے میری گرفتاری ریڈ لائن ہوگی، یہ سارا چیئرمین پی ٹی آئی کا کیا دھرا ہے، یہ کسی نے نہیں کرایا، جو ہوا انہوں نے خود کرایا ہے، ان کو خود کیسز کا سامنا کرنا چاہیے۔

تبصرے بند ہیں.