پاکستان میں ایئر ٹیکسی سروس کا آغاز 18 جون سے ہو گا

63

 

کراچی:پاکستان میں 18 جون کو ائیر ٹیکسی سروس کا آغاز کیا جائے گا۔ اسکائی ونگز کے 2 طیارے کراچی پہنچ گئے۔ ائیر ٹیکسی کی سروس حاصل کرنے کے لیے آن لائن ایپلی کیشن چند روز میں دستیاب ہو گی۔

 

کراچی میں افتتاحی تقریب کے بعد پریس کانفرنس کے دوران چیف آپریٹنگ آفیسر اسکائی ونگزعمران اسلم خان کا کہنا تھا کہ ایئر ٹیکسی کی سروس حاصل کرنے کے لیے آن لائن ایپلی کیشن چند روز میں دستیاب ہو گی اور 18 جون کو ائیر ٹیکسی سروس کا آغاز کر دیا جائے گا۔

 

ان کا کہنا تھا کہ ایئر ٹیکسی سروس کے ذریعے ملک بھر کے دور افتادہ علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر آمد ورفت ممکن ہو سکے گی۔ ائیر ٹیکسی کی ٹیک آف اور لینڈنگ کے لیے ملک بھر میں 29 ائیر اسٹرپس موجود ہیں جس میں سے 8 کے قریب مکمل طور پر آپریشنل ہیں۔

 

عمران اسلم نے کہا کہ ایئر سروس کا کرایہ عام چارٹر سروسز کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہوگا۔ فضائی سروس کی ایپلی کیشن بنانے کے لیے ایک غیر ملکی اور ایک پاکستانی کمپنی سے رجوع کیا گیا تھا۔ یہ انتہائی مسرت کی بات ہے کہ پاکستانی کمپنی کی تیارکردہ ایپلی کیشن کے نتائج عمدہ رہے۔ اب اسی پاکستانی کمپنی کی ایپلی کیشن سروس کے لیے استعمال کی جائے گی۔

 

سی ای او اسکائی ونگز کیپٹن عاصم نواز کے مطابق بین الاقوامی کمپنیوں کی جانب سے بھی بزنس میں شمولیت کے لیے رابطے کیے جا رہے ہیں۔ سروس ملک کے نو ہوائی اڈوں اور نجی ائیر پورٹس کے علاوہ رحیم یار خان اور بلوچستان کے لیے آپریٹ کی جائے گی۔ کچھ عرصے تک سروس کا دائرہ ملک بھر میں پھیلایا جائے گا۔

تبصرے بند ہیں.