پی ڈی ایم کا اسلام آباد میں احتجاج اور دھرنا، مولانا فضل الرحمن اور مریم نواز سٹیج پر موجود 

44

 

اسلام آباد : پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمٰن اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز سپریم کورٹ کے سامنے دھرنے میں پہنچ گئے جہاں وہ کارکنان سے خطاب کریں گے۔

 

پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے کارکن احتجاج اور دھرنے کے لیے ریڈزون میں داخل ہوکر سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کررہے ہیں۔ کارکن گیٹ پھلانگ کر ریڈزون  میں داخل ہوئے اور نعرے لگاتے ہوئے عدالت عظمیٰ کے باہر پہنچے، جہاں ایف سی اور پولیس اہل کاروں نے انہیں روکنے کی کوشش کی۔

 

سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کے لیے آنے والے کارکنوں کو روکنے کے لیے پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری پہلے ہی الرٹ کردی گئی تھی جب کہ صورت حال کو دیکھتے ہوئے شاہراہ دستور کو بھی عارضی طور پر ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

 

ترجمان اسلام آباد کیپٹل پولیس کی جانب سے پی ڈی ایم جماعتوں کے کارکنوں کے ریڈزون میں داخلے کی تصدیق کردی گئی ہے۔ سپریم کورٹ کے گیٹ پر پہنچنے والے کارکن نعرے بازی میں مصروف ہیں۔ پولیس نے مظاہرین سے پرامن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خدشات موجود ہیں، لہٰذا عوام سے گزارش ہے کہ اجتماع والے مقامات سے دُور رہیں۔ ترجمان نے عوام سے تعاون کی درخواست بھی کی ہے۔

 

دریں اثنا پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے احتجاجی مظاہرین نے شاہراہ دستور پر اسٹیج لگا لیا ہے جہاں کارکنوں کی بڑی تعداد نعرے بازی کررہی ہے۔

تبصرے بند ہیں.