پورے ملک میں انتخابات ایک ہی وقت پر اکتوبر میں ہوں گے, احسن اقبال

39

نارووال:   وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پورے ملک میں انتخابات ایک ہی وقت پر اکتوبر میں ہوں گے۔

 

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ملک میں آئینی بھران چل رہا ہے  انتخابات ایک ہی وقت پر اکتوبر میں ہوں گے۔  1971 میں ایسے انتخابات کے نتائج بھگت چکے ہیں۔، پنجاب میں پہلے انتخابات کرانے سے مسائل پیدا ہوں گے، اکتوبر میں اسمبلیوں کی 5 سالہ مدت پوری ہو گی۔

 

احسن اقبال نے کہا کہ پنجاب میں پہلے انتخابات کرانے سے ملک میں فساد پیدا ہو گا، تمام  صوبے برابر کی اکائیاں ہیں اور  اسی سے وفاق بنتا ہے، کسی ایک صوبے میں پہلے الیکشن کرا کے وفاق کو پنجاب کے زیردست کر دیا جائے ایسا ممکن نہیں ۔  پنجاب میں پہلے انتخابات ملکی تباہی کا باعث بنیں گے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ  سپریم کورٹ کو تما م فریقین کو  سن کر فیصلہ کرنا چاہیے تھا، ایسی کیا جلدی تھی کہ کسی کا بھی موقف نہیں سنا گیا، عدالت نے پی ٹی آئی کو پنجاب میں تخریب کاری کیلئے دوبارہ بحال کیا، عمران خان ملک میں انتشار کی علامت ہے،اس نے ملک کو تباہ کردیا۔

 

احسن اقبال  کا کہنا تھا کہ میں  چیف جسٹس سے پوچھتا ہوں کہ  سپریم کورٹ اس وقت جذباتی کیوں نہیں ہوئی جب عمران خان اور عثمان بزدار نے عدالت کے بلدیاتی الیکشن کے حکم کو جوتے کی نوک پر رکھا، انہی ججز نے ایک منتخب وزیر اعظم کو غیر آئینی طور پر نااہل کیا ۔

 

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ  صدر مملکت کا ترمیمی بل پاس نہ کرنا غیر آئینی عمل ہے، امید ہے چیف جسٹس اس بحران سے ملک کو نکالیں گے،ا ن کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف کو نااہل کرنا بھی  عدالت کا سیاہ فیصلہ تھا، فیصلوں سے لگتا ہے کہ سپریم کورٹ میں ڈکٹیٹر شپ مسلط ہے۔

تبصرے بند ہیں.