عمران خان کو پکڑنا 5 منٹ سے زیادہ کا کام نہیں لیکن ریاست خون خرابہ نہیں چاہتی: مریم نواز

77

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ بگڑا ہوا بچہ پوری ریاست پر حملہ آور ہے، عمران خان اپنی جان بچانے کیلئے خواتین اور بچوں کو ڈھال بنا رہے ہیں، عمران نیازی نے ریاستی رٹ چیلنج کی اور بغاوت کو ہوا دی، عمران خان کو پکڑنا 5 منٹ سے زیادہ کا کام نہیں لیکن ریاست خون خرابہ نہیں چاہتی۔ 
تفصیلات کے مطابق چیف آرگنائزر مسلم لیگ (ن) مریم نواز نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ عمران خان پاکستان میں انارکی پھیلا رہا ہے، مہذب دنیا میں جب عدالت کو پامال کیا جاتا ہے تو اس کے ذمہ داروں سے کیا سلوک کیا جائے، عمران دور میں صحافیوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا، عمران خان بڑی ڈھٹائی سے پاکستانی عوام سے جھوٹ بولتا ہے، اگر مقدمات جھوٹے ہیں تو قانون کا تماشہ بنانے کی بجائے اس کا سامنا کرو۔ 
ان کا کہنا تھا کہ جھوٹے مقدمات میں 100 سے زیادہ بار عدالت پیش ہوئی ، سیاسی قائدین نے اپنے مقصد کیلئے پھانسی کا پھندا تک قبول کیا، گرفتاری سے ڈرنے والا یہ بزدل شخص ملکی سیاست کیلئے باعث شرم ہے، جو آج کل پاکستان میں ہورہا ہے سب کو معلوم ہے، زمان پارک میں دیکھے جانے والے مناظر کبھی نہیں دیکھے، عمران خان اپنی جان بچانے کیلئے خواتین اور بچوں کو ڈھال بنا رہے ہیں، جمہوریت کیلئے سیاستدانوں نے بے پناہ قربانیاں دیں، یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے شاہراہ دستور پر قبریں کھودیں، اپنے آپ کو سیاسی لیڈر کہنے والے کی حرکتیں سب کے سامنے ہیں ۔ 
مریم نواز شریف نے کہا کہ عمران نیازی نے ریاستی رٹ چیلنج کی اور بغاوت کو ہوا دی، زمان پارک میں مسلح جتھوں نے پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا، یہ ریاست کےخلاف بغاوت ہے، زمان پارک میں بھی وہی ہورہا ہے جو کچے کے علاقے میں ہورہا ہے، عمران نیازی یہ سب کچھ 2014 کے دھرنے میں بھی کر چکا ہے، یہ لوگ 2014 سے ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہیں، یہ جلاؤ گھیراؤ کر رہے تھے اور وہاں ثاقب نثار انہیں صادق اور امین کا سرٹیفکیٹ دے رہے تھے، عمران خان کو پکڑنا 5 منٹ سے زیادہ کا کام نہیں ہے لیکن ریاست نہیں چاہتی کہ خون خرابہ ہو اور کوئی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ 
مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر کا کہنا تھا کہ بگڑا ہوا بچہ پوری ریاست پر حملہ آور ہے، زمان پارک میں چھپا بیٹھا شخص اپنے حواریوں کو اداروں کےخلاف اکسا رہا ہے، اس شخص کی بیساکھیاں جانے کے بعد چیزیں کھل کر سامنے آرہی ہیں، عمران خان نے دیگر ملکوں سے تعلقات خراب کرکے پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کیا۔

تبصرے بند ہیں.