صدر مملکت اور وزیراعظم کی کراچی میں پولیس آفس پر دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت

41

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی میں پولیس آفس پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عارف علوی نے حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ دہشت گردوں کے خلاف کھڑی ہے، دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔
علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کراچی پولیس آفس پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔ شہباز شریف نے دہشت گرد حملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی پر پولیس اور سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کلین اپ میں وفاقی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کیلئے پوری ریاستی قوت اور اشتراک عمل کو بروئے کار لانا ہو گا، دہشت گردوں نے ایک بار پھر سے کراچی کو نشانہ بنایا ہے، اس طر ح کی بزدلانہ کارروائیوں سے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ارادے اور عزم کو توڑا نہیں جا سکتا۔

تبصرے بند ہیں.