نامور پنجاب شاعر پروفیسر علی ارشد میر کی یاد میں پلاک کے زیر اہتمام دو روزہ میر پنجابی میلے کا انعقاد
لاہور: پنجابی کے نامور شاعر پروفیسر علی ارشد میر کی یاد میں پلاک کے زیر اہتمام دو روزہ میر پنجابی میلے کا انعقاد کیا گیا۔ آج میلے کا دوسرا روز تھا جس میں پنجابی علم و ادب اور مادری زبان سے محبت کرنے والوں کے ساتھ ساتھ شائقین کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق پنجابی زبان کی ترویج اور نصابی ضرورتوں کے حوالے سے اہمیت جیسے موضوعات پر مفکرین نے پر تاثر سیشن کئے۔ پنجابی زبان کے مستقبل کے حوالے سے ڈاکٹر وقاص اسلم چیمہ، پروفیسر ڈاکٹر عباد نبیل شاد، امجد سلیم منہاس، عامر ریاض ٹوٹو، عرفان کامریڈ، پروفیسر عباس مرزا اور ٹیپو سلطان کے ہمراہ مختلف موضوعات پر سیشن منعقد ہوئے۔ جن میں مفکرین نے اپنی رائے کا اظہار کیا۔
علاوہ ازیں کہانی دربار سجایا گیا جس کی صدارت الیاس گھمن اور سیکرٹری کے فرائض علی عثمان باجوہ نے سر انجام دئیے۔ کوی دربار میں ملک کے نامور شعراءسفیہ حیات، نور العین سعدیہ، صابر علی صابر ، عاضم پڈھیار، رائے محمد خان ناصر، احمد نعیم ارشد، اصغر بھی ، رخشندہ نوید اور علی جوشاہ, کے ساتھ ساتھ مزید شعرا نے شرکت کی جبکہ سٹیج سیکرٹری ڈاکٹر سرمد فروغ ارشد تھے۔ دو روزہ میلے کے دوسرے روز لال بینڈ کی جانب سے پروفیسر تیمور رحمان نے پرفارم کرتے ہوئے میلے کی رونق کو چار چاند لگانے۔ موسیقی کے ابھرتے ستارے سعد ضیائی کے گانے (ہاڑا نی) کی تقریب رونمائی کی گئی۔
سعد ضیائی نے پنجابی موسیقی کی مختلف اصناف سے حاضرین کو لطف اندوز کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ مشہور کلاسیکل کتھک ڈانسر نگہت چوہدری نے صوفی رقص پیش کرتے ہوئے حاضرین و سامعین کے دل موہ لیے۔ میلے میں لاہور شہر اور پنجاب کی دھرتی کے کونے کونے سے مہمان اور شائقین نے بھرپور شرکت کی۔ موسیقی کے پروگرام میں علی عمران شوکت، سعد ضیائی۔ لال بینڈ بھی اپنی پرفارمنس پیش کی۔ صنعت زار اور قصر بہبود کے طلباءنے اپنے فن پاروں سے پروفیسر علی ارشد میر کو خراج تحسین پیش کیا اور حاضرین سے داد بھی وصول کی۔ پنجابی زبان و ادب کی ترقی کے لیے لکھی جانے والی کتب کے مقابلے میں پروفیسر ارشد علی میر ایوارڈ کا انعقادکیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر محمد مشرف حسین انجم نے (دینی ادب)، ڈاکٹر محمد ایوب(تحقیق)، بابا غلام حسین ندیم قادری(شعری ادب، نظم)، عرفان مجید(ترجمہ نگاری)، ثروت محی الدین (شعری ادب)، رائے محمد خاں ناصر(شعری ادب غزل)، شہزاد اسلم(نثری ادب /افسانہ)، ڈاکٹر عامر ظہیر بھٹی(نثری ادب سفرنامہ)، حمید راضی (نثری ادب ناول) اور شہزاد شاہد ( بچوں کا ادب) کی کتب کو پروفیسر علی ارشد میر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ جبار غوری کو پنجابی زبان و ادب کی خدمات پر پروفیسر علی ارشد میر (سیوک) ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ حاضرین نے دو روزہ میلے کے انعقاد پر خوب مسرت کا اظہار کیا۔
تبصرے بند ہیں.