عمران خان چند روز میں اسمبلیاں تحلیل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں: شاہ محمود قریشی

31

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءاور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان چند روز میں اسمبلیاں تحلیل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جبکہ ہم کسی بھی ادارے کا نقصان یا تضحیک نہیں چاہتے، ملکی مسائل کا واحد حل نئے انتخابات ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ملک بھر سے لوگ عمران خان سے ایک امید لے کر 26 نومبر کے اجتماع میں راولپنڈی میں جمع ہوئے۔ عمران خان خان کوئی ایسا قدم نہیں اٹھائیں گے جس سے پاکستان کو نقصان ہو مگر ملکی مسائل کا واحد حل نئے انتخابات ہیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی سے ہمارے ممبران پہلے ہی باہر آ چکے ہیں جبکہ عمران خان چند روز میں صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، پی ٹی آئی قیادت نے عمران خان کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اختیار دیا ہے، ہماری خواہش ہے کہ رمضان سے پہلے صوبوں میں نئی حکومت بن جائے۔ 
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کو احساس ہے آج پاکستان کن مشکلات سے گزر رہا ہے، ہم پارلیمان کا عملی طور پر حصہ نہیں اور کسی بھی ادارے کا نقصان یا تضحیک نہیں چاہتے ، صدر مملکت نے فاصلے کم کرنے کی کوشش کی تھی، ہم خلیج کم کر کے ملک کو ہیجانی کیفیت سے باہر لانا چاہتے ہیں۔ 
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں سرمایہ کاری نہیں ہورہی اور معیشت تیزی کے ساتھ تنزلی کا شکار ہے، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور مفتاح اسماعیل کی سوچ میں خلیج آ چکی ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.