بیجنگ: چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کو نئے مواقع فراہم کرنے کی بنیادی پالیسی جاری رکھیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان نے اپنے دورہ چین کے دوران چینی صدر اور چینی ہم منصب سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر چینی صدر نے کہا کہ پاکستان کے مالی استحکام کیلئے چین اپنی بھرپور کوشش جاری رکھے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ چین نے اپنی علاقائی سفارتکاری میں پاکستان کو ہمیشہ ترجیح دی ہے۔ چین، پاکستان کے ساتھ ہر قسم کا سٹریٹیجک تعاون بڑھانے کا خواہشمند ہے۔
چینی صدر نے کہا کہ ایم ایل ون اور کراچی سرکلر ریلوے کے فوری اپ گریڈ کیلئے پاکستان چین مل کر کام کریں گے جبکہ پاکستان سے معیاری زرعی مصنوعات کی مزید درآمد کا خیرمقدم کریں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف چین کا 2روزہ سرکاری دورہ مکمل کرکے پاکستان کیلئے روانہ ہو گئے ہیں ، اعلیٰ چینی حکام اور پاکستانی سفارتخانے کے عملے نے وزیراعظم کو رخصت کیا۔
روانگی سے قبل وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی آف نیشنل پیپلز کانگریس لی زینگشو کی گریٹ ہال آف پیپل میں ملاقات بھی ہوئی۔
تبصرے بند ہیں.