عمران خان کی نااہلی کے فیصلے میں حکومت کی مرضی کی چیزیں شامل کی جا رہی ہیں: فواد چوہدری

38

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءفواد چوہدری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے ابھی تک عمران خان کی نااہلی کا فیصلہ جاری نہیں کیا اور اس میں تبدیلی کر کے حکومت کی مرضی کی چیزیں شامل کی جا رہی ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ملک کے مقبول ترین لیڈر کو نا اہل کیا گیا جس پر عوام نے عمران خان سے اپنی محبت کااظہار کیا، اب بند کمروں میں فیصلے کرنے کا زمانہ گزر گیا، پورے ملک میں لوگ پارٹی کی اپیل کے بغیر ہی نکلے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کی نااہلی کا فیصلہ آنے کے بعد سب سے پہلے کوئٹہ ، گلگت بلتستان اور دیامر میں احتجاج ہوا، راولپنڈی، اسلام آباد، کراچی ، سکھر ، گوجرانوالہ کس شہر میں لوگ باہر نہیں نکلے؟ 
فواد چوہدری نے کہا کہ 24 گھنٹے سے زائد وقت گزرنے کے باوجود الیکشن کمیشن کا فیصلہ جاری نہیں ہوا اور ہمیں ابھی تک فیصلے کی کاپی فراہم نہیں کی گئی، اگر آپ کے پاس فیصلہ موجود نہیں تو آپ نے کیا سنایا ہے؟ 
ان کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کیس میں بھی الیکشن کمیشن نے ویب سائٹ پر فیصلہ جاری کیا، اس فیصلے میں بھی تبدیلی کر کے حکومت کی مرضی کی چیزیں شامل کی جارہی ہیں، سازشیں بند کمروں سے باہر نہیں آ پارہیں، سازشیں جب بھی باہر آئیں تو سازشوں اور سازشیوں کو گلے سے پکڑیں گے۔
سابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ قومی لیڈر کو سیاسی دھارے سے باہر کرنے کا مقصد پاکستان کو کمزور کرنا ہے، چیف الیکشن کمشنر کا فیصلہ ملک کے عوام نے مسترد کردیا، فیصلے کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے، ہمیں الیکشن کمیشن سے پہلے بھی کوئی امید نہیں تھی کیونکہ ان کا نشانہ صرف عمران خان ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.