پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف واٹس ایپ گروپ میں نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر ڈائریکٹر جنرل پروونشل ہیلتھ سروسز اکیڈمی ڈاکٹر صاحب گُل کو عہدے سے ہٹا دیا ۔
محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے وزیراعلیٰ کی منظوری کے بعد اعلامیہ جاری کر دیا ہے ۔ اعلامیہ کے مطابق گریڈ 20 کے ڈاکٹر صاحب گُل نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کے اہل خانہ کے خلاف واٹس ایپ پر توہین آمیز پیغام شیئر کیا تھا ۔
دوسری جانب نمائندہ نیو نیوز میاں نوید سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پروونشل ہیلتھ سروسز اکیڈمی ڈاکٹر صاحب گُل نے اپنے اوپر لگے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مجھے انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی کام کرنے کیلئے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے اُن پر دباؤ ڈالا جاتا تھا جس کے انکار پر اُن کے خلاف کارروائی کی گئی اور عہدے سے ہٹایا گیا ۔
نمائندہ نیو نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے ڈاکٹر صاحب گُل کے خلاف لگے الزام کی انکوائری کروائے بغیر ہی اُن کو عہدے سے ہٹانے کی منظوری دی جو آئین اور قانون کے منافی ہے ۔
تبصرے بند ہیں.