اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ یہ ایوان ماں کی طرح ہے آئین اسی ماں کی گود سے نکلا ہے ۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ 1973 کا آئین ذوالفقار بھٹو کی قیادت میں متفقہ منظور کیا گیا ۔ آئین نے ہی دنیا بھر میں پاکستان کو متحد اور مضبوط ملک پیش کیا ، آنے والے وقت میں بھی یہ آئین رہنمائی کرتا رہے گا ۔ 75 سال گزرنے کے باوجود آئین کے ساتھ کھلواڑ ہوتا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئین نے اداروں کے اختیارات متعین کر دیئے ہیں ۔ آئین اداروں کو بتاتا ہے کہ اپنے دائرے میں رہ کر ملک کی خدمت کرنی ہے ۔ بدقسمتی سے ملک میں جمہوریت کا پودا بھر پور پروان نہ چڑھ سکا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2018 کے الیکشن تاریخ کے بدترین جھرلو الیکشن تھے ۔ 2018 میں نااہل حکومت مسلط کی گئی ۔ کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے کہ رات کے اندھیرے میں آر ٹی ایس بند ہوا ۔ پی ٹی آئی حکومت کی 4 سال کی کارکردگی قوم کے سامنے ہے ۔
شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ دور میں 20 ہزار ارب سے زائد کے قرض لیے گئے ۔ پی ٹی آئی کے دور میں لاکھوں لوگ بیروزگار اور بے گھر ہوئے ۔ 2018 کی اپوزیشن سیاست کو مقدم رکھتی تو ریاست کا اللہ ہی حافظ تھا ۔
ملک کے کچھ علاقوں میں سیلابی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان بھر میں طوفانی بارشوں نے ہر جگہ تباہی پھیلائی ۔ خصوصاً کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کی آبادی شدید متاثر ہوئی ۔ اتحادی حکومت بارشوں سے پیدا ہونے والے مسائل سے پوری طرح آگاہ ہے ۔ بارشوں سے متاثر ہونے والوں کی بحالی کیلئے امدادی کارروائیاں کی جا رہی ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتیں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں ۔ وفاق اور این ڈی ایم اے متاثرہ علاقوں میں صوبائی حکومتوں کی معاونت کر رہے ہیں ۔ متاثرہ گھرانوں کی آسانی کیلئے مزید اقدامات کیے جائیں گے ۔ بارشوں سے جاں بحق افراد کے اہلخانہ کی امداد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔
تبصرے بند ہیں.