برسات کا موسم، سرکاری محکمہ سڑک کنارے کئی فٹ گہرا گڑھا کھود کر غائب، نقصان کا اندیشہ

37

لاہور: کوٹ لکھپت کی حدود میں الرحمت سوسائٹی کے قریب علی کالونی میں سرکاری محکمے نے کئی فٹ گہرا اور سینکڑوں فٹ لمباگڑھا کھود کر چھوڑ دیا گیا اور مہینوں بیت جانے کے باوجود اس پر کوئی کام شروع ہوسکا اور نہ ہی اس میں مٹی ڈالی گئی۔ 
علاقہ مکینوں نے کسی جانی نقصان کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ برسات کا موسم ہے اور اس میں پانی بھرجانے کے بعد ڈینگی کی افزائش کے علاوہ بالخصوص رات کی تاریکی میں کوئی اس میں گرسکتا ہے، قریبی موجود جامع مسجد کی وجہ سے بزرگ شہریوں کی بھی یہی گزرگاہ ہے۔ 
محمد عامر چوہدری نے بتایا کہ سڑک کنارے کئی فٹ گہرا اور سینکڑوں فٹ چوڑا گڑھا ہے، برسات میں لوگ مسجد جانے سے بھی ڈرتے ہیں، صرف یہی نہیں بلکہ اس گڑھے میں موجود پانی جمع ہونے سے جہاں قریبی مکانوں کو نقصان کااندیشہ ہے، وہیں ڈینگی کی آماجگاہ بھی بن چکا ہے۔ 
علاقہ مکینوں کاکہناتھاکہ سڑک کو بھی نقصان پہنچ رہاہے، محکمہ ریلوے کی طرف سے کھدائی کی گئی ہے لیکن پھر عملہ دوبارہ کبھی واپس نہیں آیا اور نہ ہی یہاں کوئی کام شروع ہو سکا، حکام بالاسے درخواست ہے کہ علاقہ کو ڈینگی کی آماجگاہ بننے سے روکا جائے اور کسی بھی بڑے نقصان سے پہلے اس گڑھے کو دوبارہ بند کروایاجائے۔

تبصرے بند ہیں.