لاہور: انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب راؤ سردار علی نے کہا ہے کہ پنجاب کے 14 اضلاع کے 20 حلقوں میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات کیلئے 3100 سے زائد پولنگ سٹیشنز پر 52 ہزار اہلکار و افسران تعینات کئے گئے ہیں جبکہ خواتین کے پولنگ سٹیشنز پر لیڈی پولیس اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ لاہور کے 4 حلقوں میں پولنگ کے دوران 9 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہیں جبکہ مانیٹرنگ کیلئے سینٹرل پولیس آفس اور ضلعی سطح میں کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ صوبے بھر میں ضمنی انتخابات کے دوران اسلحے کی نمائش کرنے والوں، پرائیویٹ مسلح افراد، لڑائی جھگڑا کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی جبکہ نتائج کے اعلان کے بعد لڑائی جھگڑا اور ہوائی فائرنگ کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
واضح رہے کہ پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے جو صبح 8 بجے شروع ہوا اور بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔
تبصرے بند ہیں.