لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ اور ان کے سوشل میڈیا انچارج ارسلان سے متعلق مبینہ آڈیو لیک ہونے سے ثابت ہو گیا بشریٰ بی بی کے حکم پر ہمارے خلاف غداری کے ٹرینڈ چلاکر سیاست کو گندا کیا گیا، ہم فرح گوگی کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے جارہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنماءاور صوبائی وزیر ملک احمد خان نے عطاءتارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو توشہ خان سے بہتر نام نہیں دیا جا سکتا، آپ نے پاکستان کی سیاست کو پہلے گندا کیا اور پھر سفارتی سطح پر پاکستان کی بدنامی کا باعث بنے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز سے ایک ٹیپ وائرل ہورہی ہے جس میں سابق خاتون اول کی بات چیت ہے، گھریلو خاتون کا نظریہ آپ سب نے سن لیا ہو گا کہ انہوں نے مخالفین کے خلاف غداری کے ٹرینڈ چلانے کا حکم دیا اور جب وہ بات نہ بنی تو بین الاقوامی تعلقات کو گندہ کیا گیا۔
صوبائی وزیر ملک احمد خان نے اس موقع پر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی آڈیو بھی چلائی جس میں مبینہ طور پر بشریٰ بی بی اور ارسلان خان کے درمیان غداری کے بیانئے سے متعلق بات چیت کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ کس کو نہیں پتہ فرح گوگی نے اربوں روپے کیسے کمائے؟ عمران خان کیا یہ کرپشن آپ کی مرضی کے خلاف ہوسکتی ہے؟
(ن) لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ آپ کرپشن کے ایفل ٹاور ہیں جس نے اربوں روپیہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر منتقل کیا، آپ کا کردار یہ ہے کہ کسی ریاست کا تحفہ ملے تو اسے بیچ دیتے ہیں، آپ نے بیرونی سازش کا نام لے کر اندرونی سازش کی، اگر امریکا سے خط آیا تھا تو اس کے بعد 28 دن حکومت رہی، آپ نے احتجاج کیوں نہ کیا؟
اس موقع پر (ن) لیگی رہنماءعطا تارڑ نے کہا کہ کہ ”لوٹ کر کھا گئے پاکستان، بشریٰ، گوگی اور کپتان“، فرح گوگی نے 60 کروڑ روپے مالیت کا 10 ایکڑ کا انڈسٹریل پلاٹ 8 کروڑ 30 لاکھ روپے میں اپنے نام کروایا، احسن جمیل نے جعلی بینک گارنٹی لے کر پلاٹ اپنے نام منتقل کروایا جبکہ بشریٰ بی بی بنی گالہ میں بیٹھ کر ڈیل کرتی تھی۔
عطاءتارڑ نے فرح گوگی کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے چور ہیں، عمران خان کی کرپشن پر تو نیٹ فلیکس سیریز بنے گی کیونکہ فرح گوگی، بشری بی بی اور جمیل گجر کی ٹرائیکا کے سربراہ عمران خان ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے عمران خان، فرح گوگی اور اس کے خاوند کو واپس لائیں، آپ کا کوئی ڈاکہ 50 کروڑ روپے سے کم کا نہیں، آپ کی کرپشن سامنے آتی ہے تو آپ فوج کو برا بھلا کہنا شروع کردیتے ہیں اور اداروں پر حملے شروع کر دیتے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.