مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی جارحیت جاری، مزید 2 کشمیری نوجوان شہید

3

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے جس نے نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں مزید 2 کشمیری نوجوان شہید کر دئیے۔ 
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے جنت نظیر وادی کے ضلع شوپیاں میں سرچ آپریشن کے بہانے گھر گھر تلاشی کے دوران چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا اور دو کشمیری نوجوانوں کو گولیاں مارکر شہید کر دیا گیا۔ 
گزشتہ ماہ کے آخری ہفتے میں حریت رہنما یاسین ملک کو جھوٹے مقدمے میں عمر قید کی سزا کے اعلان کے بعد سے خوفزدہ بھارتی فوج نے اب تک 30 کے قریب نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے۔ 
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران پورے علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کردیا گیا جبکہ انٹرنیٹ کی سروس بھی معطل رہی اور اس دوران خواتین اور بچوں تک کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔ 
قابض بھارتی فوج نے بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے نوجوانوں کی لاشوں کو لواحقین کے حوالے کرنے سے انکار کر دیا جو اپنے پیاروں کی لاشیں وصول کرنے کیلئے اب دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔

تبصرے بند ہیں.